قطر چیریٹی کی جانب سے غریب افغان خاندانوں میں راشن تقسیم 

قطر چیریٹی کی جانب سے غریب افغان خاندانوں میں راشن تقسیم 

  

چارسدہ(بیورورپورٹ) قطر چیریٹی نے مختلف افغان کیمپوں میں مقیم ایک ہزار سے زائد غریب افغان مہاجرین خاندانوں میں راشن تقسیم کیا۔ رمضان سے قبل چیر ٹی کی جانب سے مزید خاندانوں میں فوڈ پیکچز تقسیم کئے جائینگے۔تفصیلات کے مطابق قطر چیریٹی کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں رمضان فوڈ پیکچز کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے جس کا بنیادی مقصد حالیہ مہنگائی کے دور میں افغان مہاجر کیمپوں میں مقیم خاندانوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔اس حوالیس ے قطر چیریٹی کے صوبائی کوآرڈنیٹر سجان خان کا کہنا ہے کہ قطر چیریٹی، ایک بین الاقوامی ادارہ، ہمیشہ کی طرح مستحق خاندانوں، بیواؤں، یتیموں اور معذوروں کی مدد جاری رکھے ہوئے ہے۔ جیسا کہ رمضان المبارک کا مہینہ قریب آرہا ہے اس لیے افغان کمیونٹی کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے قطر چیریٹی نے مستحق خاندانوں میں 1050 فوڈ پیک تقسیم کیے ہیں۔ کمیونٹی نے قطر چیریٹی کی خدمات اور اشیائے خوردونوش کی تقسیم پر خاص طور پر مہنگائی کے اس مشکل وقت میں تعریف کی اور شکریہ ادا کیا۔ کھانے کی اشیاء میں گندم کا آٹا، موٹا چنا، ڈالڈا گھی، کھجور، چینی، چاول، انرجی بسکٹ، نمک اور چائے شامل ہیں۔ سجاد خان کے مطابق فوڈ پیک قطر ڈونرز کی جانب سے مستحق افراد کے لیے تحفہ ہے اور قطر چیریٹی ایسے فلاحی کاموں میں اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ اس موقع پر سرکاری حکام اور کمیونٹی عمائدین نے قطر چیریٹی کے کام کو سراہا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -