الخدمت کے انڈس کالج سمیت پبلک ہیلتھ کے دیگراداروں سے معاہدے
کراچی (سٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی سے انڈس میڈیکل کالج آف فیملی میڈیسن اینڈ پبلک ہیلتھ (ICFMPH)،قرطبہ کیئر انسٹی ٹیوٹ اور بیسٹ کیئر ہسپتال سے میڈیکل پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ سمیت دیگر معاہدے طے پاگئے۔جمعہ کی صبح الخدمت ہسپتال اینڈ ڈائیگنوسٹک سینٹر ناظم آباد میں ایک سادہ تقریب منعقد ہوئی جس میں الخدمت کراچی کی جانب سے ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری نے سی ای اوانڈس میڈیکل کالج آف فیملی میڈیسن اینڈ پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ظفر زیدی،کوفاؤنڈر قرطبہ کیئر انسٹی ٹیوٹ ملک احمد جلال،سربراہ بیسٹ کیئر ہسپتال ڈاکٹر سید معین الدین حسینی کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر دستخط کیے اور دستاویز کا تبادلہ کیا۔ معاہدے کے مطابق الخدمت اپنے سینٹرز میں انڈس کالج کے ایم آرسی جی پی (MRCGP انٹر نیشنل ٹریننگ پروگرام کے امیدواروں کو تربیت دے گی۔ قرطبہ کیئرانسٹی ٹیوٹ الخدمت کے اسپتالوں اور ڈائیگنوسٹک سینٹرز میں کلینکل روٹریشن کیلئے نرسنگ اور ڈپلومہ اسٹوڈنٹس کی ٹریننگ کرے گی جبکہ بیسٹ کیئر ہسپتال اپنے ہسپتال مریضوں کو وہ سہولتیں فراہم کرے کا جو الخدمت میں دستیاب نہیں۔ تقریب سے انڈس میڈیکل کالج آف فیملی میڈیسن اینڈ پبلک ہیلتھ کی پرنسپل ڈاکٹر فریدہ امین،الخدمت کے سینئرایچ آر منیجر حبیب الرحمن اور ایم ایس الخدمت ناظم آباد اسپتال ڈاکٹرفراز عالم نے بھی خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ ڈاکٹر لوگوں کی خدمت کررہے ہیں۔کسی بھی شخص کی مذہب،رنگ ونسل کی تفریق کے بغیر جان بچانا ہماری ذمہ داریہ ہے۔الخدمت پر لوگ اعتماد کرتے ہیں۔ادارے دیواروں سے نہیں بنتے بلکہ اعتماد اور خلوص سے بنتے ہیں۔