64سالہ امریکی ارب پتی شخص کی 25سالہ لڑکی کیساتھ منگنی کی منصوبہ بندی امیگریشن حکام نے غارت کرڈالی، لڑکی ڈی پورٹ

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) جزائرغرب الہند کے ملک باہماس کے امیگریشن حکام نے 64سالہ امریکی ارب پتی شخص کی 25سالہ لڑکی کے ساتھ منگنی کی منصوبہ بندی غارت کر ڈالی اور لڑکی پر ایسا شک ظاہر کر کے ملک میں داخل ہونے سے روک دیا کہ ان کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔ میل آن لائن کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کا رہائشی ہال نوبی سیئرز نامی یہ شخص رئیل سٹیٹ ڈویلپر ہے جس نے اپنی 25سالہ گرل فرینڈ ڈیرینا پینزارو کو باہماس میں پروپوز کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔
سیئرز نے اپنی50لاکھ ڈالر مالیت کی لگژری کشتی باہماس منتقل کی اور 10مہمانوں کو بھی اپنی اس خوشی میں شرکت کے لیے باہماس آنے کی دعوت دی۔ مہمانوں میں ڈیرینا کی 36سالہ بہن آئنا بھی شامل تھی۔ یہ دونوں لڑکیاں باہماس پہنچیں تو انہیں امیگریشن حکام نے روک لیا اور مشکوک گردانتے ہوئے ان سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی۔
امیگریشن حکام کو شک ہوا کہ یہ دونوں لڑکیاں جسم فروش ہیں اور اسے دھندے کے لیے باہماس میں داخل ہو رہی ہیں۔ ڈیرینا اور آئنا لندن کی رہائشی ہیں اور وہاں سے باہماس پہنچی تھیں جبکہ سیئرز اور اس کے دیگر مہمان امریکہ سے باہماس پہنچ رہے تھے۔ امیگریشن حکام نے گھنٹوں طویل پوچھ گچھ کے بعد ڈیرینا اور آئنا کو جسم فروش قرار دے دیا اور انہیں ایئرپورٹ سے ہی ملک بدر کرکے واپس برطانیہ بھیج دیا۔
رپورٹ کے مطابق سیئرز اور ڈیرینا کی ملاقات ڈیرینا کے آبائی ملک رومانیہ میں ہوئی تھی اور دونوں ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے تھے۔ سیئرز باہماس سے مہمانوں کے ہمراہ اپنی لگژری کشتی پر تین ممالک کا سیاحتی سفر شروع کرنا چاہتا تھا اور اس دوران اس نے ڈیرینا کو پرپوز کرنا تھا۔ ڈیرینا نے بتایا کہ باہماس کے امیگریشن حکام نے اس کے اور اس کی بہن کے ساتھ انتہائی شرمناک سلوک کیا۔
ڈیرینا کا کہنا تھا کہ حکام نے ہم نے باہماس آنے کی وجہ پوچھی اور میں نے اپنی منگنی کے بارے میں بتایا۔ اس پر انہوں نے پوچھا کہ ہمارے پاس رہنے کی کوئی جگہ ہے اور کتنی رقم ہے ہمارے پاس؟ جس پر ہم نے کہاکہ رہائش کا بندوبست سیئرز نے ہی کرنا ہے اور ہمارے پاس کچھ زیادہ رقم بھی نہیں ہے۔ انہیں ہماری باتوں پر یقین نہ آیا اور انہوں نے اپنے شک پر یقین کر لیا کہ ہم جسم فروشی کے لیے ہی باہماس پہنچی ہیں۔ انہوں نے ہمیں جیل میں قید کرنے کی دھمکی بھی دی۔