ایشیاءکپ ، بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے بارے میں ہربھجن سنگھ کا مؤقف بھی آگیا

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ نے بھی ایشیاءکپ 2023ءکے لیے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کی مخالفت کر دی۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ جب پاکستان کے اپنے شہری پاکستان میں محفوظ نہیں ہیں تو ہم اپنی ٹیم وہاں بھیجنے کا خطرہ کیوں مول لیں۔
ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ہمیں اپنی کرکٹ ٹیم کو ہرگز پاکستان نہیں بھیجنا چاہیے۔ہم اپنے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے یہ رسک ہی کیوں لیں۔ واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے انڈین ٹیم کو ایشیاءکپ کے لیے پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے پاکستان کی طرف سے بھی سخت مؤقف سامنے آچکا ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بھارتی بورڈ کے اس اعلان پر کہا تھا کہ اگر وہ ایشیاءکپ کے لیے پاکستان نہ آئے تو پاکستان بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے نہیں جائے گا۔ موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کا کہناہے کہ "ہمیں بہت پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے تاہم جب میں ایشیئن کرکٹ کونسل اور آئی سی سی کی میٹنگز میں جاتا ہوں تو تمام آپشنز کھلے رکھتا ہوں۔ اب ہمیں اس حوالے سے اپنی پوزیشن کو واضح کرنا ہو گا"۔