نامعلوم افراد اداکارہ میرا کے گھر پر فائرنگ کرکے فرار
لاہور ( این این آئی) ڈیفنس میں نامعلوم افراد اداکارہ میرا کے گھر پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے جبکہ اداکارہ کے بھائی نے واقعے کا مقدمہ درج کرادیا ۔بتایا گیا ہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس میں نامعلوم افراد اداکارہ میرا کے گھر پر فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے ۔ فائرنگ سے ان کے مرکزی داخلی دروازے کو نقصان پہنچا تاہم واقعے میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔فائرنگ کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ میرا کے بھائی نے ڈیفنس تھانہ بی میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شوہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور قانون کے کارروائی کی جائے گی ۔ اداکارہ میرا کی والدہ شفقت زہرہ بخاری نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے ، فائرنگ کا واقعہ صبح 4بجے پیش آیا جس سے دروازے اور گاڑی کو نقصان پہنچا ۔ واضح رہے کہ اداکارہ میرا ان دنوں اپنے شوہر کیپٹن نوید کے ہمراہ امریکہ میں موجود ہیں۔