سابق ویٹ لفٹروں اور ٹیکنیکل آفیشلز کی ویٹ لفٹنگ کی فروغ کیلئے خدمات کی پیش
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ویٹ لفٹنگ کے انٹر نیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سابق ویٹ لفٹروں اورٹیکنیکل آفیشلز نے ملک بھر میں ویٹ لفٹنگ کے کھیل کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے کے لئے اپنی خدمات پیش کردی ہیں ، ملک کے نامور ویٹ لفٹرز اعظم میاں ، اسلم خان ،شجاع الدین ملک،عظمت اللہ چوہدری ،ادریس بٹ، لالہ اسد ،شاکر، نوید ملک اور اشفاق بٹ نے سابق انٹرنیشنل ویٹ لفٹر اور پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی ٹیکنیکل آفیشلز کمیٹی کے چیرمین محمد زبیر یوسف بٹ کی قیادت میں پاکستان ویٹ لفٹنگ کے سرپرست اعلی ریاض الدین، صدر ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ اور سیکرٹری جنرل خضر حیات سے ملاقات کی اور انہوں نے مکمل تعان کی یقین دہانی کروائی ۔ سابق ویٹ لفٹروں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس کو نکھار کر قومی سطح پر متعارف کرانے کے لئے اپنی خدمات پیش کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ویٹ لفٹنگ کے کھیل کی بدولت ہی اللہ نے ہمیں معاشرے میں عزت اور مقام عطا کیا ہے ۔
، ہمارا تجربہ ملک و قوم کی امانت ہے لہذا ہم اپنے تجربے کو نئی نسل تک منتقل کرنا چاہتے ہیں ہماری خواہش ہے کہ نوجوان ویٹ لفٹر انٹرنیشنل مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ایک مرتبہ پھر سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کریں ۔