لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ 2018تک جاری رہنا افسوسناک ہے،تنویر کائرہ

لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ 2018تک جاری رہنا افسوسناک ہے،تنویر کائرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( سپیشل رپورٹر) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ نے کہا ہے کہ وزیر پانی و بجلی نے یہ کہہ کر تھیلے سے بلی نکال دی ہے کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ 2018 ؁ء تک جاری رہے گا انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کوہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ووٹ حاصل کرنے کے لیے لوگوں سے جھوٹ بولا جو ایک ناقابل معافی سیاسی بد دیانتی تھی اسکی وجہ سے انکے مینڈیٹ پر اور بھی دباؤ آ گیا ہے انہوں نے خاص کر پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جسمیں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ سالوں میں نہیں بلکہ مہینوں میں ختم کر دیں گے اگر وہ ایسا نہ کر سکے تو وہ اپنا نام تبدیل کر لیں گے۔ تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ اب انہیں وفاقی وزیر پانی و بجلی کے کل کے بیان کی روشنی میں اپنا نام تبدیل کرلینا چاہیے تنویر اشرف کائرہ نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو اس قسم کے دانستہ جھوٹ بولنے پر قوم سے غیر مشروط معافی مانگنی چاہیے کیونکہ وہ اپناب وعدہ پورا کرنے کے بالکل نااہل ثابت نہیں ہوئے تنویر اشرف کائرہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اس میں آئندہ 10سال تک ملک سے لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے کی پیشینگوئی کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کے بحران کی وجہ سے ہماری صنعتی پیداوار بالعموم اور ٹیکسٹائل انڈسٹری بالخصوص بری طرح متاثر ہو رہی ہے جسکی وجہ سے پاکستان یورپین یونین کی جی ایس پی پلس سہولت سے پورا فائدہ نہ اٹھا سکے گا۔تنویر اشرف کائرہ نے وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا وہ صوبوں اور وفاقی حکومت کے درمیان تعلقات کو خراب کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ وہ معاملات کو احسن طریقے سے حل کریں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد ایسے اقدامات اٹھائے جس سے لوڈشیڈنگ کے عذاب سے لوگوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا ہو۔اسکے علاوہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔