قومی جونیئر انڈر18 ہاکی چیمپئن شپ: آرمی، کسٹمز، پی آئی اے اور نیشنل بینک کی کامیابی

قومی جونیئر انڈر18 ہاکی چیمپئن شپ: آرمی، کسٹمز، پی آئی اے اور نیشنل بینک کی ...

کراچی(آن لائن) قومی جونیئر انڈر18 ہاکی چیمپئن شپ میں کھیلے گئے میچوں میں پاکستان آرمی، پاکستان کسٹمز، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز اور نیشنل بینک نے کامیابی حاصل کرلی ہے، پنجاب یلو، بلوچستان، پاکستان بورڈ اور پنجاب کلر کو ناکامی کا سامنا رہا۔ ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں کے ایچ اے کے تحت منعقدہ قومی جونیئر ہاکی چیمپئن شپ میں کھیلے گئے۔

 پہلے میچ میں پاکستان آرمی نے پنجاب یلو کو یکطرفہ مقابلے میں2-0 سے شکست دیدی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے فارورڈ غضنفرعلی نے میچ کے 26ویں منٹ میں گیند کو جال کی نذر کرکے اپنی ٹیم کو1-0کی سبقت دلادی جسے فاتح ٹیم کے لیفٹ ان کرامت علی نے میچ ختم ہونے سے دو منٹ قبل58 ویں منٹ میں گول اسکورکرکے مقابلہ 2-0 سے اپنی کے حق میں کردیا جو میچ کے اختتام تک برقراررہا۔ و قفے پر آرمی کو 1-0کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے میچ میں پاکستان کسٹمز نے بھی فتح حاصل کرکے ایونٹ میں کامیاب آغاز کیا آسان حریف بلوچستان کو 3-0 کی شکست سے دو چارکیا، کسٹمز کی جانب سے رائٹ آﺅٹ فہد خان نے 31 ویں اور سینٹر فارورڈ داﺅد نے47ویں منٹ گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کو2-0کی سبقت دلادی تاہم اگلے ہی منٹ میں کسٹمز کے فل بیک متین نے48 ویں منٹ میں پینالٹی کارنر پر گول اسکور کرکے مقابلہ3-0 کردیا جو میچ کے اختتام تک برقراررہا۔ تیسرے میچ میں پی آئی اے کے شاہینوں نے بھی بلند پرواز کا آغاز کردیا اپنے پہلے ہی میچ میں پاکستان بورڈ کو6-1 کی خفت اٹھانے پر مجبورکردیا، فاتح ٹیم کیلئے سینٹر ہاف ابوبکر نے خوبصورت کھیل پیش کرتے ہوئے19ویں اور25 ویں منٹ میں گول اسکورکئے، رائٹ آﺅٹ الیاس احمد نے بھی حریف ٹیم پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے 24 اور40 ویں منٹ میں گیند کو جال کی نذرکیا، سینٹر فارورڈ جنید منظور نے26 ویں منٹ اور اظفر یعقوب نے27 ویں منٹ میں گول بنائے جبکہ حریف ٹیم کی جانب سے واحد گول عامر فاروقی نے میچ کے35 ویں منٹ میں اسکورکیا۔ وقفہ پر پی آئی اے کو 5-0 کی سبقت حاصل تھی۔ چوتھے میچ میں نیشنل بینک نے پنجاب کلر کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-1 سے گھٹنے ٹیک نے پر مجبورکردیا۔ نیشنل بینک کے پینالٹی کارنر اسپیشلسٹ مبشر نے اپنی ٹیم کیلئے دو گول اسکورکئے انہوں نے کھیل کے28 اور 44 ویں منٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا جبکہ تیسرا گول عدیل لطیف نے بنایا۔ پنجاب کلر کی جانب سے اپنی ٹیم کا واحد گول محمد قاسم نے 40ویں منٹ میں اسکور کیا۔ ٹورنامنٹ میں ہفتے کو آرام کا دن ہے جبکہ اتوار کو چار میچز کھیلے جائینگے، بلوچستان کا مقابلہ پاکستان واپڈا سے صبح سات بجے، سند کلر کا سامنا اسلام آباد سے صبح نو بجے ، پاکستان آرمی کا مقابلہ کے پی کے سے سہ پہر تین بجے اور پی آئی اے کاسامنا پنجاب وائٹ سے شام پانچ بجے ہوگا۔

 

مزید : کھیل اور کھلاڑی