متنازعہ ایس آر او 351معطل کرنے پر تاجر برادری کا اسحاق ڈار سے اظہار تشکر
فیصل آباد‘راولپنڈی (اے اےن اےن‘ نیٹ نیوز ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فوری طور پر متنازع ایس آر او 351کو معطل کر دیا ¾فیصل آباد سمیت ملک بھر کے ریجنل ٹیکس دفاتر کو ٹیکس سے متعلقہ معاملات کوصنعت و تجارت کے نمائندوں کی مشاورت سے حل کرنے کی ہدایت ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار سے فیصل آبادچیمبرکے صدر انجینئر سہیل بن رشید نے ملاقات میں کیا ۔اس سلسلہ میں فیصل آباد ، لاہور اورراولپنڈی چیمبرز کے عہدے داربھی موجود تھے۔اس ملاقات کا اہتمام فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے رکن میاں عبدالمنان اور رانا محمد افضل خان نے کیاتھا۔انجینئر سہیل بن رشید نے بتایا کہ اس متناز ع ایس آر او سے تاجر اور صنعت کار برادری سخت پریشان تھی ۔ جنہیں پہلے ہی توانائی بحران اور امن و امان کی صورتحال وجہ سے مندے کا سامنا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی کے لیے تاجراور صنعت کار برادری کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کرنا چاہتی ہے ۔ اور اس سلسلہ میں پالیسی سازی سے لے کر عمل در آمد کے تمام مراحل میں سٹیک ہولڈروں سے مشاورت کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریجنل ٹیکس دفاترز سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ایمان دار اور تعاون پر امادہ تاجروں اور صنعتکاروں کو ہر گز ہر اساں نہ کریںاور اگر کوئی معاملہ ہو بھی تو اسے مل جل کر حل کیا جائے۔اس سلسلہ میں متعلقہ علاقہ کے مختلف افراد کی خدمات اور تعاون بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ تاجر اور صنعتکار برادری کی طرف سے انجینئر سہیل بن رشید نے ایس آر او کو معطل کرنے پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور اپنی اس پیش کش کو دہرایہ کہ ملک بھر کے چیمبر ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ کےلئے حکومت سے ہر ممکن تعاون کرنے کےلئے تیار ہیں۔انہوں نے ملک کے 35چیمبر وں کی طرف سے آئندہ بجٹ کیلئے تیار کی جانے والی مشترکہ بجٹ تجاویز بھی وفاقی وزیر خزانہ کو پیش کی ۔ وفد میں پاکستان ٹیکسٹائل ایسوایشن کے الیاس محمود آ ل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے خالد حبیب ، ہوزری ایسوسی ایشن کے امجد سعید خواجہ ،یارن مرچنڈ ایسوسی ایشن کے عبیداللہ شیخ ، سائزنگ ایسوسی ایشن کے شکیل انصاری ، انجمن تاجران کے شاہد رزاق سکا،شیخ محمد بشیر، کلاتھ گوڈ کے یوسف موتی ، سونڈری ایسوسی ایشن کے سیٹھ محموداور پاور لومز ایسوسی ایشن کے چوہدری عبدالحق بھی موجود تھے۔راولپنڈی چیمبرکے صدر ڈاکٹر شمائل داﺅد آرائیں نے ملک کی کاروباری برادری کے پُرزور اصرار پر ایس آر او 351(1)2014کو معطل کرنے پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیااور ملک کی تمام کاروباری برادری کے متفقہ مطالبے کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تما م کاروباری برادری کو مبارکباد پیش کی اور اسے ملک ترقی کے لئے اہم سنگ میل قرار دیا ۔
،انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کاروباری برادری کو آن بورڈ لیا جائے تا کہ کاروبار دوست پالیسیاں ترتیب دے کر ملک کے لئے ریونیو اکٹھا کیا جا سکے، حکومت اور کاروباری برادری کا موقف ایک ہے لیکن حکومت کاروباری طبقہ کو اعتماد میں نہیں لیتی جس کی وجہ سے ایسے ایس آر او جاری ہو جاتے ہیں جو بعد میں حکومت کو واپس لینے پڑتے ہیں ، چیمبر سے جاری ہونے والے بیان میں انہوں نے وفاقی وزیر برائے خزانہ کے اس اقدام کو کاروبار دوست اور ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کے لئے انتہائی اہم قدم قرار دیا ہے۔