عالمی طاقتوں سے بات چیت کا عمل سست روی کا شکارہے،ایران

عالمی طاقتوں سے بات چیت کا عمل سست روی کا شکارہے،ایران

ویانا(این این آئی)ویانا میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان دو روز پہلے شروع ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے ایران نے کہاہے کہ بات چیت اچھے ماحول میں لیکن سست روی اور مشکلات کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق جمعہ کو ایران کے نائب وزیر خارجہ اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ عباس عراقچی نے کہاکہ مذاکرات کا ماحول اچھا ہے اور بات چیت آگے بڑھ رہی ہے لیکن مذاکرات آگے بڑھنے کی رفتار دھیمی ہے اور مشکلات ہمراہ ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ویانا مذاکرات کا مقصد ایک حتمی جوہری معاہدے کی طرف پیش رفت کرنا ہے،دوسری جانب یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کیتھرائن آشٹن کے ترجمان مائیکل مان نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ مذاکرات جاری رہیں گے اس سے پہلے ہونے والے تین ادوار کے مذاکرات کے بعد اب ایران اور چھ بڑی طاقتوں کے درمیان حتمی معاہدے کیلیے ڈرافٹ کی تیاری پر بات چیت جاری ہے،توقع کی جا رہی ہے کہ 20 جولائی تک ایران، امریکا، روس ، چین، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے درمیان مذاکرات کے تین مزید دور ممکن ہو جائیں گے، تاہم مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کیلیے آج ہونے والا دور انتہائی اہم ہے۔

مزید : عالمی منظر