نئی حکومت کے ساتھ اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا محبوبہ مفتی

نئی حکومت کے ساتھ اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا محبوبہ مفتی

 سری نگر ( اے این این ) پی ڈی پی نے نئی مرکزی حکومت کے ساتھ اتحاد کوخارج ازامکان قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پارٹی نے لوک سبھا انتخابات منشور کے تحت لڑا اور منتخب نمائندے اسی پر عمل کریں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی پی کو عوام نے بھرپور اعتماد دیاہے اورپارٹی کے نمائندے پارلیمنٹ میں کسی کے ساتھ اتحاد کیلئے نہیں بلکہ کشمیر کی اصل صورتحال پر بات کرنے کیلئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ وہ سمجھتی ہیں کہ یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے لیکن عوامی توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے نمائندے پارلیمنٹ میں وقت گزاری یا کسی سے اتحاد بنانے نہیں جائیںگے بلکہ وہ اس منشور پر عمل کرنے کیلئے جائیں گے جو پارٹی نے عوام کے سامنے رکھاہے۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی پارلیمنٹ میں کشمیر کی اصل تصویر پیش کرے گی اور یہاں کے مسائل پر بحث کرانے کی کوشش کی جائے گی۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی کا ایجنڈا دہلی کی کشمیر کے تئیں ذہنیت تبدیل کرنااور پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرناہے۔ محبوبہ نے کہاکہ پی ڈی پی کے نمائندے اٹل بہاری واجپائی کی طرف سے شروع کئے گئے اعتماد سازی کے اقدامات کو وہاں سے آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے جہاں یوپی اے دور حکومت میں یہ اقدامات رک گئے۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ پی ڈی پی نے 2002میں بھی ایک منشور کے تحت انتخابات لڑا تھا جس کے بعد تین سالہ دور اقتدار میں پارٹی نے اس منشور پر عمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں میں پارٹی کی افادیت اور اہمیت باقی ہے۔

انہوںنے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پورے ملک کی طرح ریاست میں بھی سیاسی تبدیلی نظر آرہی ہے اور پہلی مرتبہ جموں کشمیر میں ایک مضبوط متبادل قائم ہوا ہے۔ محبوبہ مفتی نے ریاستی حکومت پر انتخابات کے دوران اپنے فائدے کیلئے حالات خراب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سب جانتے ہیں کہ دوران الیکشن کیسے حالات پید اکئے گئے لیکن وہ لوگوںکو مبارکباد پیش کرتی ہیں جنہوںنے ووٹ دینے کیلئے پولنگ مراکز کا مشکل سفر کیا اور پارٹی کو بھرپور اعتماد دیا۔انتخابی عمل پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ 2002کے بعد دوسری مرتبہ ریاست میں ایک اچھی روایت قائم ہوئی ہے جس کیلئے وہ الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کی شکرگزار ہیں۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ پارٹی کی طرف سے دیئے گئے منشور پر عمل کرنا چیلنج ضرور ہے لیکن وہ عوامی توقعات پر پورا اترنے کی پوری پوری کوشش کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ ریاست کے نوجوانوں نے بھی پارٹی سے توقعات وابستہ رکھی ہیں اور انشا اللہ خدا کی مدد سے امیدوں پر پورااتریں گے ۔ انہوںنے جموں میں پارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے صوبہ میں 2لاکھ ووٹ حاصل کئے ہیں۔محبوبہ مفتی نے پنڈت برادری کا بھی ووٹنگ کیلئے شکریہ ادا کیا۔

مزید : عالمی منظر