جمعیت علماءپاکستان موجودہ حالات میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریگی، پیر اعجاز ہاشمی

جمعیت علماءپاکستان موجودہ حالات میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریگی، پیر ...

لاہور( سٹاف رپورٹر)جمعیت علماءپاکستان کے سر براہ پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ جمعیت علماءپاکستان موجودہ حالات میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور حکومت کی طرف سے کیے جانے والے تمام غیر آئینی اقدامات کی ڈٹ کر مخالفت کرے گی جے یو پی کسی کی آلہ کار نہیں بنے گی اور وطن عزیز کی خاطر مثبت کردار ادا کرنے والوں کا ساتھ دے گی انہوں نے کہا کہ جے یو پی پاکستان کی مسلح افواج کی بھرپور حمایت کرتی ہے جس کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے مسلح افواج کے خلاف کیے جانے والے پروپیگنڈے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ”جیو ٹی وی“ اور دیگر چینلز پرمتنازعہ اور گستاخانہ دکھائے جانے والے پروگرام کی بھرپور مذمت کرتے ہیں جمعیت علماءپاکستان مارننگ شوز کے نام پر پھیلائی جانے والی بے حیائی کے پروگراموں کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور ایسے تمام پروگراموں پر فوری پابندی لگانے کا مطالبہ کرتی ہے بے حیائی کے ان پروگراموں کی وجہ سے معاشرے میں بے راہ روی اور جنسی جرائم میں اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہا کہ پیمرا اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے ایسے پروگراموں پر پابندی لگا کرٹی وی چینلز کو صبح کے وقت قرآن حدیث پر مبنی پروگرام نشر کرنے کا پابند کرے مسلم معاشرے میں فحاشی اور عریانی پھیلانے والے کسی طور بھی عذاب الہٰی سے بچ نہیں سکتے اور دنیا و آخرت میں ذلت و رسوائی ان کا مقدر بنے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماءپاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صاحبزادہ شاہ اویس نورانی ،پروفیسر جاوید اعوان،قاری محمد زوار بہادر،انجینئر چودھری محمد یعقوب،محمد حلیم خان غوری،ابو منصور قادری،ڈاکٹر جاوید اختر،مفتی مختار علی رضوی،رشید احمد رضوی،محمد مستقیم نورانی،احفاظ الکریم برکی،مولانا ابو یاسر اظہر حسین فاروقی،قاری عبدالہادی ظہیر،محمد فیاض خان،عبدالحکیم انقلابی،حافظ احسان الحق،مولانا محمد عباس قادری،محمد شہزاد چشتی اور دیگر ارکان نے شرکت کی ۔اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت میں ایک انتہا پسند تنظیم کے اقتدار میں آگئی ہے اس پر حکومت پاکستان کوبھارت سے تعلقات کی پالیسی پرآنکھیں کھلی رکھنا ہونگی تاکہ وطن عزیز کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوںکی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیا جاسکے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علماءپاکستان 23 مئی بروز جمعتہ المبارک ملک بھر میں مادر پدر آزاد میڈیا کے خلاف ملک گیر ”یوم احتجاج“ منائے گی۔

پیر اعجاز ہاشمی

مزید : صفحہ آخر