وکلاءکنونشن میں لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بارکونسل ایکٹ میںمجوزہ ترمیم مسترد

وکلاءکنونشن میں لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بارکونسل ایکٹ میںمجوزہ ترمیم مسترد

لاہور(نامہ نگار خصوصی )آل پاکستان نمائندہ وکلاءکنونشن میں لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بارکونسل ایکٹ میںمجوزہ ترمیم مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی بار کونسلز کے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے 10سالہ وکالت کی پرانی شرط کو ہی برقرار رکھا جائے ۔پاکستان بار کونسل نے لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بارکونسل ایکٹ میں ترمیم کے لئے اپنی سفارشات پارلیمان کو بھیجی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ بار کونسلز کے انتخابات میں حصہ لینے والے وکلاءکے لئے 10سال کی بجائے 15سال تجربہ کی شرط لازمی قرار دی جائے ۔پاکستان بار کونسل کے اس مجوزہ ترمیم کے خلافلاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پاکستان نمائندہ وکلاءکنونشن طلب کیا گیا جس میں ایک قرار داد کے ذریعے مجوزہ ترمیم کو مسترد کردیا گیا ۔قرار داد میں مزید مطالبہ کیاگیا ہے کہ بار کونسلز کے انتخابات بروقت منعقد کئے جائیں ،سپریم کورٹ کے فیصلہ کے تحت تمام اداروں کے سربراہان کو قابلیت کی بنیاد پر تعینات کیا جائے تاکہ ادارے احسن طریقہ سے اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کرتے ہوئے دوسرے اداروں کے معاملات میں دخل اندازی کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔وطن عزیز میں جمہوری عمل کو پھلنے پھولنے اور پروان چڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں اگر جمہوریت کو ڈی ریل کیا گیا تو ملک بھر کی وکلاءبرادری جمہوریت کو بچانے کیلئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہو جائے گی۔ کنونشن کے شرکاءنے مجاز ادارے سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک بھر کے وکلاءکی آواز کو سنتے ہوئے انکی پاس کردہ قراردادوں پر من و عن عمل کریں ورنہ وکلاءبرادری اپنے آئینی حق کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہوگی۔ کنونشن میں قرار داد کی نقل پارلیمنٹ اور مجاز اداروں کو بجھوانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔گزشتہ روز کراچی شہداءہال میں شفقت محمود چوہان صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی زیر صدارت ہونے والے کنونشن میں عامر جلیل صدیقی نائب صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، میاں محمد احمد چھچھر سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، میاں محمد اقبال فنانس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ، حامد خان سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، صلاح الدین احمد صدر کراچی بار ایسوسی ایشن، چوہدری اشتیاق صدر لاہور بار ایسوسی ایشن کے علاوہ ملک بھر کی بار کونسلز، ہائیکورٹس بار ایسوسی ایشنز، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز اور سب ڈویژنل بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ یہ کنونشن پاکستان بار کونسل کے طرف سے لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسل ایکٹ 1973ءمیں صوبائی بار کونسلز کے انتخابات میں حصہ لینے والے وکلاءصاحبان کی سٹیڈنگ میں10سال کی بجائے15سال کے اضافہ کی مجوزہ ترمیم اور انتخاب میں التواءکے خلاف منعقد کیا گیا۔

ترمیم مسترد

مزید : صفحہ آخر