زید حامد کے دوبارہ قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

زید حامد کے دوبارہ قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
زید حامد کے دوبارہ قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی عبدالقدوس میمن نے زید حامد کے خلاف دوبارہ قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں اور ڈی پی او راولپنڈی کو اس حوالے سے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ دوسرے ملزم اور آے آر وائی کے اینکر پرسن مبشر لقمان کی طرف سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ اسے سیکیورٹی مسائل اور دھمکیوں کا سامنا اور وہ لاہور سے عدالت میں پیشی کے لئے آتا ہے۔ مبشر لقمان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کا موکل مصروفیت کی وجہ سے نہیں آسکا۔ عدالت نے سماعت 24 مئی کے لئے ملتوی کردی۔ قبل ازیں جیو کے وکیل نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ زید حامد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں جس پر عدالت نے بتایا کہ مذکورہ وارنٹ اس وقت جاری کئے جاتے ہیں جب ملزم قابل ضمانت وارنٹ وصول کرنے سے انکار کردے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل قابل ضمانت وارنٹ زید حامد کے گھر پر عدم موجودگی کے باعث وصول نہیں ہوسکے۔ تفصیلات کے مطابق انڈیپنڈنٹ میڈیا کارپوریشن نے عدالت میں دائر درخواست میں مبشر لقمان اور زید حامد کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ نجی چینل اے آر وائی کے ایک پروگرام میں جیو/ جنگ گروپ کے خلاف بے بنیاد الزامات لگاتے ہوئے کہا گیا کہ ہم بھارتی چینل دوردرشن سے رقوم لے کر پاکستان کے خلاف مہم چلارہے ہیں۔ پروگرام ”کھرا سچ“ میں یہ الزامات مدعا علیہان مبشر لقمان اور زید حامد نے لگائے۔ مزید الزامات لگائے گئے کہ ”ذرا سوچئے“ اور ”امن کی آشا“ کے حوالے سے جیو منفی مہم چلارہا ہے، درخواست گزار کی طرف سے عدالت کو ان پروگراموں کی سی ڈیز بھی پیش کی گئیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی مہینوں سے مذکورہ دونوں ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے جبکہ انہیں اخبارات کے ذریعے بھی چیلنج کیا جاچکا ہے۔

مزید : کراچی