توہین آمیز پروگرام پر جیو کے خلاف ملک بھر میں تیسرے روز بھی احتجاج اور ریلیوں کا انعقاد

توہین آمیز پروگرام پر جیو کے خلاف ملک بھر میں تیسرے روز بھی احتجاج اور ریلیوں ...
توہین آمیز پروگرام پر جیو کے خلاف ملک بھر میں تیسرے روز بھی احتجاج اور ریلیوں کا انعقاد

  

 کراچی ،لاہور، کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)توہین آمیز پروگرام پر جیو کے خلاف ملک بھر میں تیسرے روز بھی احتجاج اور ریلیوں کا انعقاد،شرکاءنے حکومت سے جیوکو بند کرنے اور ٹی وی کی انتظامیہ ، پروگرام کی میزبان ، وینا ملک اور اسد بشیر خٹک کیخلاف کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔ جیو نیوز کے خلاف کراچی میں مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں،سنی اتحاد کونسل کی جانب سے جیو نیوز اور جنگ گروپ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے گستاخانہ پروگرام پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا، پاکستان ہیلپ لائن ویلفئر آرگنائزیشن نے بھی ریلی نکالی۔ آل پاکستان مسلم لیگ اور پاسبان عزاءکی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔اسی طرح محراب پور ، ٹنڈو محمد خان ، نواب شاہ اورحیدر آباد سمیت سندھ کے دیگر شہرو ں میں بھی مظاہرے کئے گئے ۔ دوسری جانب اہل سنت والجماعت راولپنڈی کے زیر اہتمام بھی جیو کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، شرکاءنے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر توہین آمیز پروگرام نشر کرنے پر جنگ اور جیو گروپ کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ توہین آمیز پروگرام سے دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ،اسی طرح اہلسنت والجماعت نے منڈی بہاءالدین، مظفر گڑھ، چاغی اور میانوالی سمیت مختلف شہروں میں احتجاج کیا اور ریلیاں نکالیں۔شیخوپورہ میں تحریک انصاف نے جنگ اور جیو گروپ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، پنڈی بھٹیاں، ڈسکہ، ہارون آبادمیں بھی وکلا ، شہریوں اور سول سوسائٹیز کے زیر اہتمام مظاہرے کئے گئے۔ رحیم یار خان میں جماعت الدعوة کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا۔ رینالہ خورد میں سنی تحریک نے ریلی نکالی ،لاہورمیں سنی تحریک نے پریس کلب سے اسمبلی ہال تک ریلی نکالی ، اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ جیو کو فوری بند کیا جائے۔کوئٹہ میں اہلسنت والجماعت نے توہین آمیز پروگرام نشر کرنے پر احتجاج کیا ،مظاہرین کا کہنا تھا کہ جیو نے حضرت علی اور حضرت فاطمہ کی شان میں گستاخی کرکے ناقابل معافی جرم کیا ۔ مظاہرین نے جیو کی نشریات بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔

مزید : کراچی /اہم خبریں