ملک کا بچہ بچہ فوج کے ساتھ ہے، قوم پوچھتی ہے کہ وزیر اعظم کہاں کھڑے ہیں:شیخ رشید

ملک کا بچہ بچہ فوج کے ساتھ ہے، قوم پوچھتی ہے کہ وزیر اعظم کہاں کھڑے ہیں:شیخ ...

مہنگائی اور دھاندلی کیخلاف 20جون کو ٹرین مارچ کااعلان

ملک کا بچہ بچہ فوج کے ساتھ ہے، قوم پوچھتی ہے کہ وزیر اعظم کہاں کھڑے ہیں:شیخ رشید

  

    گوجرانوالہ (بیورورپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے مہنگائی اور دھاندلی کے خلاف 20جون کو ٹرین مارچ کا اعلان کرتے ہوئے  کہا ہے کہ فوج اور آئی ایس آئی کو سازش کے تحت ذلیل کرنے کی کوشش کی گئی، ملک کا بچہ بچہ فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔ قوم پوچھتی ہے کہ وزیر اعظم کہاں کھڑے ہیں؟۔ وہ وقت آنے والا ہے جب نواز شریف اور شہباز شریف ائیر پورٹ پر پولیو کے قطرے پی رہے ہوں گے۔گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد  نے کہا کہ مہنگائی، کرپشن اور دھاندلی کے خلاف 20 جون کو ٹرین مارچ کروں گا، ضرورت پڑی تو پیدل مارچ بھی کروں گا۔ کچھ اخبارات اور ٹی وی چینل اور سیاسی پارٹیاں غیر ملکی فنڈز لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4 سیٹوں پر دھاندلی ثابت ہو گئی توعمران خان کو اسمبلی میں نہیں جانے دوں گا، نہ ہی اسبملی کو زندہ رہنے دوں گا۔ ن لیگ اور پی پی پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ صدر ممنون حسین خیراتی مالشیا ہے۔ 4 سیٹوں پر دھاندلی ثابت ہو گئی تو مڈٹرم الیکشن ہوگا، ورنہ مارشل لا آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس دن منشی اسحاق ڈار نے قوم کو سچ بتا دیا ان کی وزارت چلی جائے گی۔ حکومت نے 10 مہینوں میں ملک کو 10 ارب کا مقروض کر دیا۔ ملک میں ڈاکوﺅں، چوروں اور کمی کمینوں کی حکومت ہے جسے ختم کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ نے آج کا جلسہ رکوانے کی کوشش کی۔ اگر یہ باز نہ آئے تو جلسے کے لوگ لے کر جی ٹی روڈ پر چلا جاﺅں گا۔

مزید : گوجرانوالہ /اہم خبریں