عینی طاہرہ ڈرامہ سیریل ’’وفا جرم ہو جیسے‘‘میں اہم کردارکیلئے کاسٹ
لاہور(فلم رپورٹر)ٹی وی کی معروف اداکارہ وگلوکارہ عینی طاہرہ کو ڈائریکٹر دلاور ملک نے اپنی نئی ڈرامہ سیریل ’’وفا جرم ہوجیسے‘‘میں ایک اہم کردار کے لئے کاسٹ کرلیا ہے۔عینی طاہرہ نے گزشتہ روز ڈرامہ کی ریکارڈنگ میں حصّہ لیا۔ڈرامہ سیریل’’وفا جرم ہوجیسے‘‘کے رائٹر کے رحمان ہیں جبکہ دیگر نمایاں فنکاروں میں ندیم بیگ،لیلیٰ زبیری،سائرہ یوسف ،محسن گیلانی،نرگس رشید،مبشر حسن،شہروز سبزواری اورعباس باجوہ شامل ہیں۔’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر دلاور ملک نے بتایا کہ اس ڈرامے میں بہت سارے ایسے فنکار ہیں جن کے ساتھ پہلی بار کام کرنے کا موقع ملا ہے۔بچی کی پیدائش کے بعد یہ سائرہ یوسف کی پہلی ڈرامہ سیریل ہے۔تمام فنکار میرے ساتھ بھرپور تعاون کررہے ہیں جس کے لئے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں دلاور ملک نے بتایا کہ یہ ڈرامہ سیریل نجی چینل کے لئے بنائی جا رہی ہے اور جلد آن ائیر ہوگی۔عینی طاہر ہ نے کہا کہ اس ڈرامے میں ایک منفرد کردار ادا کررہی ہوں میں نے اپنے فنّی کیرئیر میں بہت کم ایسے پاور فل اور پرفارمنس سے بھرپور کردار ادا کئے ہیں۔
دلاور ملک ایک ایسے ڈائریکٹر ہیں جن کے ساتھ کام کرکے آرٹسٹ کو بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔