الخدمت فاؤنڈیشن رضاکار پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی مہم کا باقاعدہ آغاز

الخدمت فاؤنڈیشن رضاکار پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی مہم کا باقاعدہ آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(وقائع نگار)الخدمت فاؤنڈیشن رضاکار پروگرام کے تحت لاہور کے نواحی علاقے جیا بگا کنگرہ میں صفائی ستھرائی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔اِس ضمن میں صفائی ستھرائی ، صاف پانی کی اہمیت اور بیماریوں سے بچاؤ کا شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی واک کا اہتما م کیا گیا ۔الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں اور اہل علاقہ نے الخدمت رضاکار پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر محمد مشتاق مانگٹ اور الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے صدر انس واحدی کی سربراہی میں تمام چوکوں اور چورہوں سمیت گلی محلوں ، سکولوں اور مساجد کی صفائی کی گئی ۔اہل علاقہ میں بڑی تعداد میں جھاڑو سمیت 500 ہائی جین کِٹس تقسیم کی گئی۔الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت علاقے میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں 2 ڈاکٹراور 5 پیرامیڈیکل سٹاف کی مدد سے 450 مریضوں کا طبی معائینہ کیا گیا اور مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔الخدمت رضاکار پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر محمد مشتاق مانگٹ نے اِس موقع پر کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے۔بد قسمتی سے دیہی علاقوں میں معیار زندگی پست ہونے اور سہولیات کی کمی کے باعث عوام الناس صفائی ستھرائی کا باقاعدہ خیال نہیں رکھ پاتے جس کے باعث بیماریوں کے پھیلاؤ سمیت ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے اِسی ضرورت کے پیش نظر رضاکار پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔جس کے تحت الخدمت کے رضاکارگھر گھر جا کرنہ صرف اہل علاقہ کو صفائی ستھرائی اور بیماریوں سے بچنے کے لئے معلومات فراہم کر رہے ہیں بلکہ تشہیری مواد کی مدد سے لیٹرین ، صابن اور صفا ئی ستھرائی کے لئے دیگر اشیاء کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی جزو بنانے کی اہمیت پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ نہ صرف خود صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں بلکہ دوسروں تک بھی اِس پیغام کو پہنچائیں تاکہ ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر انس واحدی نے کہا کہ صفائی ستھرائی اور حفضان صحت کے اصولوں پر عمل کرنے سے نہ صرف اہل علاقہ کی صحتوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ علاقے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو گا۔