ہنر مند فورس کی تیاری کیلئے حکومت ٹیکنیکل اداروں کا جال بچھائے،‘ احمد شفیق

ہنر مند فورس کی تیاری کیلئے حکومت ٹیکنیکل اداروں کا جال بچھائے،‘ احمد شفیق

 لاہور( پ ر )کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے کہا ہے کہ اکثریت میں موجود نوجوان طبقے کو ہنر مند بنا کر ملک سے بیروزگاری کا سرے سے خاتمہ کیا جا سکتا ہے ،ہنر مند فورس کی تیاری کیلئے حکومت اپنی سربراہی میں ٹیکنکل اداروں کا جال بچھا ئے ،حکومت سیاحت کے شعبے کی طرف توجہ دے او رآئندہ بجٹ میں اسکے لئے فنڈز مختص کئے جائیں۔ ’’پاکستانی معیشت کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او کوتھم احمد شفیق نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جہاں نوجوان اکثریت میں ہیں اس لئے حکومت کو اس فورس سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسے بہت سے شعبے ہیں جسکے لئے ہنر مند لیبر میسر نہیں ،حکومت اس سلسلہ میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے اور پرائیویٹ سیکٹر کی مشاورت سے پورے ملک میں ہنر مند فورس کی تیاری کے لئے اپنی سربراہی میں ٹیکنیکل اداروں کا جال بچھائے۔  أ۔اس اقدام سے نہ صرف ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا بلکہ اس فورس کو بیرون ممالک بھجوانے کیلئے دوست ممالک سے معاہدے کئے جائیں ۔    جس سے ملکی خزانے کو فائدہ ہوگا۔ احمد شفیق نے کہا کہ پاکستانی بڑے با ہمت ہیں انہیں صرف راستہ دکھانے کی ضرورت ہے ،ریاست کو اس سلسلہ میں اپنا عملی کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر کرنے کے لئے سیاحت کافروغ نا گزیر ہے ۔ بد قسمتی سے وفاق اور صوبائی حکومتیں اس طرح توجہ دینے کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت ایسا شعبہ ہے جسے فروغ دے کر نہ صرف ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے بلکہ بیرون ملک سے سیاحوں کے آنے سے اتنی آمدنی ہو سکتی ہے کہ ہماری معیشت بھی سنبھل جائے گی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4