سودخور ی درحقیقت آدم خور ی سے بدترہے،حاجی رفیق

سودخور ی درحقیقت آدم خور ی سے بدترہے،حاجی رفیق

 لاہور(پ ر) پاکستان کے ممتاز سیاسی وسماجی رہنما حاجی محمدرفیق آف گرین سٹی نے کہا ہے کہ سودخوری درحقیقت آدم خوری سے بدترہے سودخوری کی لعنت اورنحوست سے نجات کیلئے اس کاروبارمیں ملوث عناصر کامحاسبہ ناگزیر ہے۔ سودخور زندہ انسانوں کی بوٹیاں نوچ نوچ کرہڑپ کررہے ہیں۔مفلس ومجبورعوام کوسودمافیا کے چنگل سے بچانا ریاست اوراداروں سمیت ہرشہری کافرض ہے ۔سودخوری کی لعنت نے ہزاروں خاندانوں کواجاڑدیاجبکہ سودخوروں کے ڈر سے سینکڑوں انسانوں نے خودکشی کرلی، یہ سلسلہ روکناہوگا۔بھتہ خوروں کی طرح سودخوروں کیخلاف بھی انتہائی موثراورمنظم کریک ڈاؤن کیا جائے ۔ اپنے ایک بیان میں حاجی محمدرفیق آف گرین سٹی نے مزیدکہا کہ سود خوری کو اللہ تعالیٰ اورسرورکونین حضرت محمدؐ کے ساتھ براہ راست جنگ قراردیا گیاہے،ہم میں سے کوئی اس جنگ کامتحمل نہیں ہوسکتا۔ سودخورتختہ دارپرلٹکائے جانے کے قابل ہیں،انہیں قانون کے ہنٹر وں سے ہینڈل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جوکوئی ایک بار ان سودخوروں کے شکنجے میں آجائے وہ ایڑیاں رگڑرگڑ کر بے موت مرجاتا ہے ۔    اسلامی ریاست میں سودکاکاروبارعام ہونا اندوہناک جبکہ حکومت کاخاموش رہنا انتہائی شرمناک ہے،ہماری قومی معیشت اورہمارے گھروں سے برکت کااٹھ جاناسودی نظام کی نخوست کاشاخسانہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سودخورہمارے معاشرے کاناسورہیں،ان سے بچاؤکیلئے شہریوں میں شعوراجاگر کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سخت قوانین کی کاری ضرب سے سودخوروں کاسرکچلناہوگا ورنہ قدرتی آفات ہمارا مقدربن جائیں گی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4