لاہوریوں نے چھٹی منانے کیلئے نہر کا رُخ کر لیا پولیس کا کریک ڈاؤن متعدد نوجوان گرفتار

لاہوریوں نے چھٹی منانے کیلئے نہر کا رُخ کر لیا پولیس کا کریک ڈاؤن متعدد ...

لاہور(کر ائم سیل) شہر میں اتوار کی چھٹی منانے کیلئے لاہوریوں نے نہر کا رخ اختیار کرلیا ،لاہوری گرمی دور کرنے کیلئے نہر میں کود گئے جبکہ پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق نہر میں نہانے پرانتظامیہ کی جانب سے مکمل پابندی کردی گئی تھی کیونکہ نہر میں نہانے کے باعث کئی افراد ڈوب کر ہلاک ہوچکے ہیں۔ نہر میں نہانے والوں کے خلاف گزشتہ روز پولیس نے کریک ڈاؤن کیا، کئی پولیس اہلکار نہر میں بھی کود گئے، منچلوں پر ڈنڈے برسائے گئے اور کئی نوجوانوں کومختلف تھانوں مغل پورہ ،ہربنس پورہ ،اچھرہ ،مسلم ٹاؤن ،برکی اور چوہنگ میں بند کردیا جبکہ بعض کو نذرانہ لیکر چھوڑ دیا گیا۔ اتوار کی چھٹی کے روز فیملیز بھی پکنک منانے کیلئے نہر پرپہنچ گئیں، شہری کھابوں کے ساتھ ساتھ نہر میں نہاتے رہے۔ کئی نوعمر لڑکے بھی ٹولیوں کی شکل میں اکھٹے ہوکرنہر میں نہاتے رہے جبکہ بعض جگہوں پر خواتین سے چھیڑ خانی کے واقعات بھی رونما ہوئے ۔پولیس نے ڈی آئی جی آپریشنز کے حکم پر نہر میں نہانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ پولیس کے کریک ڈاؤن کے چند ہی گھنٹوں کے بعد لاہوریوں نے دوبارہ نہر کا رخ کرلیا ۔ اس سلسلہ میں پولیس کا کہنا ہے کہ نہر میں ڈوبنے کے کئی حادثات ہوئے ہیں جن کے پیش نظر حکومت کی جانب سے نہر میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی اورخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا ۔

مزید : علاقائی