مصرکے سابق صدر محمد مرسی کو موت کی سزا دئیے جانے پر پیپلزپارٹی کو سخت تشویش ہے‘آصف زرداری

مصرکے سابق صدر محمد مرسی کو موت کی سزا دئیے جانے پر پیپلزپارٹی کو سخت تشویش ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد(پ ر ) پیپلزپارٹی نے مصر کے سابق صدر محمد مرسی اور ان کے 100 ساتھیوں کو قاہرہ کی ایک عدالت کی جانب سے موت کی سزا دینے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مصر ایک برادر ملک ہے اور اس کا سیاسی استحکام اور عوام کی فلاح پاکستانی عوام کے لئے نہایت اہم ہے اور پاکستانی عوام نہیں چاہتی کہ مصر غیرمستحکم ہو ۔ اس وجہ سے سابق صدر محمد مرسی کو موت کی سزا دئیے جانے پر پارٹی سخت تشویش کا اظہار کرتی ہے۔ پیپلزپارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ محمد مرسی کو موت کی سزا سے احتراز کیا جا سکتا تھا کیونکہ مصر کا طویل مدتی استحکام سب کے مفاد میں ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کو یاد ہے کہ کس طرح سے اس کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیاجس کے مضمرات ابھی تک پاکستان میں موجود ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاسی مخالفین کے خلاف انتقام اور تشدد چاہے وہ کسی جگہ پر بھی ہو سخت مذمت کرتی ہے۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ سیاسی مخالفین کو جسمانی طور پر ختم کرنے سے سیاسی مسائل ختم نہیں ہوتے بلکہ اس سے صرف سیاسی بحران پیدا ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی ایک مرتبہ پھر یہ مطالبہ کرتی ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کی سزا کے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کی جائے جو کہ چار سال قبل سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا تھا۔ پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ اس مقدمے کی سماعت کی جائے اور جلد اس کا فیصلہ دیا جائے۔ آصف زرداری

مزید :

صفحہ آخر -