حکومت نے پولیس ایف آئی اے اور آئی بی میں سیاسی بھرتیوں کی تفصیلات طلب کر لیں

حکومت نے پولیس ایف آئی اے اور آئی بی میں سیاسی بھرتیوں کی تفصیلات طلب کر لیں

 لاہور( زاہد علی خان) وفاقی حکومت نے پولیس ، ایف آئی اے اور آئی بی میں سیاسی بھرتیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے پنجاب ، کے پی کے اور سندھ میں سیاسی بھرتیوں کے بارے میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیاسی بھرتیوں کی ایک سمری بنا کر انہیں بھیجیں ۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت ان کے بارے میں رپورٹ وزیر داخلہ کو بھجوائے گی جس کے بعد گزشتہ پانچ سال کے دوران سیاسی بنیادوں پر بھرتی کئے گئے افسران اور دیگر ماتحت عملہ کے بارے میں ایک رپورٹ تیار کی جائے گی جس کے بعد امکان ہے کہ انہیں ہٹا دیا جائے گا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر بھرتی ہونے والوں کے سفارشیوں کے بارے بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے اور ان کی وجوہات بھی طلب کی گئی ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے سرکاری محکموں سے افسران کی سیاسی بھرتیوں کا سخت نوٹس لے لیا ہے اور کہا ہے کہ یہ افسران محکمے کے لئے بدنامی کا باعث ہیں۔ ان کے بارے میں فوری ایکشن لیا جائے گا۔

مزید : صفحہ آخر