مصر کی عدالت نے فرعون کی یاد تازہ کر دی ہے ،مغرب دہرا معیار ختم کرے ،سراج الحق
اسلام آباد(اے این این )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مصر کے معزول صدر محمد مرسی سمیت 100 رہنماؤں و کارکنوں کو سزائے موت سنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے عوام اس سزا کو مسترد کرتے ہیں۔عالم اسلام سے اپیل کرتا ہوں کہ ان سزاؤں کے خلاف آواز اٹھائیں۔ مغرب کو اسلامی تحریکوں کی پر امن آئینی سیاسی جدوجہد بھی گوارا نہیں ہے۔مغرب کو دہرا معیار ختم کرنا ہو گا۔ مصر کی عدالت نے فرعون کی یاد تازہ کر دی ہے۔جنرل سیسی کا انجام بھی فرعون کی طرح کا ہو گا۔ سانحہ صفورہ کراچی سمیت تمام خونی سانحات کے حقائق سامنے لانے کے لیے ’’ٹروتھ کمیشن‘‘ بنایا جائے۔ خواتین کے سروں پر گولیاں مارنے سے بڑی بزدلی کوئی نہیں ہو سکتی۔ سانحہ کی سچائی سامنے لائیں یا ایک اور سانحہ کا انتظار کریں ۔ایک تنظیم نے کراچی پولیس میں ہزاروں بھرتیاں کروائی ہیں ایسی پولیس عوام کے جان ومال نہیں اپنے سیاسی آقاؤں کے مفادات کا تحفظ کرتی ہے جماعت اسلامی کو حکومت ملی تو 13 لاکھ آئمہ مساجد ،مدارس کے 31 لاکھ بچوں کا بھی مرکزی و صوبائی بجٹس پر مساوری حق ہو گا۔پٹواری ،پولیس، کلرک ،استاد کو سرکاری خزانہ سے تنخواہ مل سکتی ہے تو مدارس اور آئمہ کرام اس سے کیوں محروم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسلام آباد میں جمعیت طلبہ عربیہ کے تحت علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔