دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ،ملوث افراد سے سختی سے جمٹاجائے گا ،پرویز رشید

دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ،ملوث افراد سے سختی سے جمٹاجائے گا ،پرویز ...

 اسلام آباد(اے پی پی)وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو ختم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، خواہ کوئی بھی ملوث ہو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا، اقتصادی راہداری منصوبے کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، راہداری منصوبے کے تین روٹ ہیں جو گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں سے گزرتے ہیں،عمران خان الیکشن ٹربیونل میں اپنے الزامات ثابت نہیں کرسکے ہیں وہ اب انتخابی نتائج تبدیل کرنے میں کسی پپو کا نام لے رہے ہیں جس کی ہمیں بھی تلاش ہے کیونکہ قوم پپو کو دیکھنا چاہتی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، دہشت گردی میں خواہ کوئی بھی ملوث ہو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا کیونکہ ہمیں پاکستان میں امن چاہئے اور پاکستانیوں کو بھی دوسروں کی طرح پر امن زندگی گزارنے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے تدارک کے لیے کام کرنے والے ادارے نیکٹا کے فنڈز نہیں روکیں گے، نیکٹا کی جیسے صلاحیت بڑھے گی ان کو فنڈز بھی مہیا کیے جائیں گے۔پرویز رشید نے کہا کہ الیکشن کی رات ساڑھے گیارہ بجے نوازشریف نے کارکنوں سے تقریر کی تھی اور اس وقت تک 120حلقوں کے نتائج آچکے تھے، عمران خان ٹربیونلز میں اپنا کوئی الزام ثابت نہیں کرسکے ہیں اب وہ اپنے الزامات میں کسی پپو کا نام لے رہے ہیں کہ پپو نے انتخابی نتائج تبدیل کردیئے اس پپو کی ہمیں بھی تلاش ہے کیونکہ پورے پاکستان میں جس پپو کو کوئی نہیں جانتا اس نے انتخابات کا نتیجہ کیسے تبدیل کردیا لہذا اب پوری قوم اس پپو کو دیکھنا چاہتی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، راہداری منصوبے کے تین روٹ ہیں جو گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں سے گزرتے ہیں اور ان سے تمام رہنماں کو آگاہ کیا گیا تھا۔ پرویز رشید نے کہا کہ روٹ سے متعلق تمام لوگوں کے تحفظات پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے دور کیے جائیں گے، وزیراعظم نے اس حوالے سے پرائمری کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں تمام جماعتیں اپنے تحفظات کا اظہار کریں جنہیں سنا جائے گا کیونکہ یہ کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ہے۔

مزید : صفحہ اول