جلال آباد طور خم روڈ کی تعمیر شروع ،افتتاحی تقریب کا انعقاد افغان وزارت پبلک سروس نے کیا :آئی ایس پی آر
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق جلال آباد طور خم روڈ کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور اس کی افتتاحی تقریب کا انعقاد افغان وزارت پبلک سروس نے کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق طور خم جلال آباد روڈ کی تعمیر کافیصلہ وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ افغانستان کے دوران کیا گیا اور 75کلو میٹر کایہ سیکشن گرینڈ ٹرنک روڈ کا حصہ ہے ۔
اس سڑک کی تعمیر میں 7ارب روپے خرچ ہونگے ۔2006 میں جلال آباد طور خم سڑک کی تعمیر شروع کی گئی تھی مگر فنڈز کی کمی کی وجہ اسے یک رویہ بنایا گیا مگر اب اس سڑک کو دو رویہ کیا جا رہا ہے ۔
پاکستانی سفارتخانے کے مطابق سڑک کی تعمیر کے موقع پر جلال آبادمیں ایک تقریب بھی منعقد کی گئی تھی جس میں افغان صوبے ننگرہار کے قائم مقام گورنر محمد حنیف گردیوال ،پبلک سروس کے نائب صدرنور مینگل ،پاکستانی سفیر ابرار حسین اورایف ڈبلیو او کے صدر جنرل محمدافضل نے شرکت کی ۔اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد حنیف گردیوال کا کہنا تھا کہ وہ اس سڑک کو دو رویہ کرنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں پاکستانی حکومت کا یہ قدم دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں اہم کردار ادا کرے گا۔یاد رہے کہ افغانستان کے دورہ کے موقع پر جنرل راحیل شریف نے ایف ڈبلیو او کے صدر کو اس سڑک کو دو رویہ کرنے کا حکم دیا تھا ۔
ماہرین اس پیش رفت کو پاکستان اور افغانستان کی مشترکہ کامیابی قرار دے رہے ہیں جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے عوام کو معاشی طور پر فائدہ ہوگا اور دونوں ملکوں کے درمیان رابطے بڑھیں گے۔