اراضی ریکارڈ سنٹر ز، ٹا ؤٹ مافیا پرائیویٹ منشیوں کیخلاف کریک ڈاؤن
لاہور(عامر بٹ سے)پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ان ایکشن،صوبے بھر میں قائم اراضی ریکارڈ سنٹرز میں سیاسی افراد کے پشت پناہ ٹاؤٹ مافیا اور پٹواریوں کے پرائیویٹ منشیوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی،اے ڈی ایل آر اور سروس سنٹر آفیشل بشمول عملہ کا کال ڈیٹا بھی ماہانہ بنیادوں پر چیک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ،قبضہ مافیا یا سیاسی افراد کے ساتھ وابستگی ثابت ہونے پر سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا گیا ،پنجاب کے بھر کے اراضی ریکارڈ سنٹر ز سٹاف کی مانیٹرنگ کے لئے خفیہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ،تفصیلات کے مطابق پنجاب لینڈریکارڈ اتھارٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کیپٹن(ر)ظفر اقبال نے صوبے بھر میں قائم اراضی ریکارڈ سنٹرز کی خفیہ مانیٹرنگ اور ان تمام افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جو سنٹرز کی حدود میں سائلین کو جلد از جلد کام کروانے کی پیشکش کرکے بھاری رشوت وصول کرتے ہیں ۔ متعدد شکایات سائلین کی طرف ڈائریکٹ پی ڈی پنجاب اور دوسرے احتسابی اداروں کی تحریری صورت میں موصول ہو چکی ہیں ،ذرائع نے مزید آگاہی دی ہے کہ پورے پنجاب میں قائم اراضی ریکارڈ سنٹرز میں آج کل یہ پریکٹس عام ہو چلی ہے کہ سائلین کو باہر سے ہی مخصوص ٹاؤٹ مافیا گھیر لیتا ہے جو اراضی عملہ سے اپنی ڈائریکٹ وابستگی ظاہر کرکے کام کو گھنٹوں میں کروانے کی حامی بھر کر سائلین سے منہ مانگی رقم بٹورتے ہیں اس کے علاوہ پٹواریوں کے پرائیویٹ منشی بھی اس کام میں پیش پیش ہیں جو اراضی ریکارڈ سنٹر حدود میں ہی فون پر ہی ڈیلنگ کرتے ہیں اور فردوانتقال میں پیش آمدہ اعتراضات کو ادھر ہی دور کروانے کی حامی بھرتے ہیں ،عام طور پر اراضی ریکارڈ سنٹر عملہ پنجاب حکومت کی جانب سے منٹوں میں فردات اور انتقالات کی کاپی فراہم کرنے کے دعوے کے برعکس اس عمل کو دنوں پر کھینچ لیتا ہے اس دوران سائل کو پٹوار خانے کے چکر لگوا کر بھی خوار کیا جاتا ہے ،مجبوری کی حالت میں کئی دنوں سے ذلالت اٹھانے والے لوگ ان ٹاؤٹوں کے ہاتھ چڑھ جاتے ہیں اور پیسے دے کر ہی اپنا کام کروانے میں عافیت سمجھتے ہیں ۔پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کسی بھی اراضی ریکارڈ سنٹر میں کرپشن یا اس کی معاونت کرنے والے کسی بھی اہلکارکے لئے کوئی معافی نہ ہے ،خفیہ ٹیموں کی تشکیل کا مقصد صرف یہ ہے کہ ان کالی بھیڑوں کوپکڑا جاسکے اور محکمہ کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں ۔پی ڈی پنجاب کی طرف سے واضح ہدایات ہیں کہ آئندہ کسی بھی اہلکار کا ڈائریکٹ یا انڈریکٹ ٹاؤٹ مافیا یاکسی بھی پٹواری کے منشی سے کوئی بھی واسطہ یا لنک ثابت ہو گیا تو اس کو سخت قانونی کارروائی کے بعد نوکری سے بھی فارغ کر دیا جائے گا۔