لوڈ شیڈنگ خاتمے کے دعویدار حکمران کرپشن بچانے میں لگے ہیں‘ فیاض وڑائچ
ملتان (سٹی رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ حکومت لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔شہری علاقوں میں آٹھ آٹھ گھنٹے اور دیہاتی علاقوں میں سولہ سولہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا اجیرن کردیا ہے۔سخت گرمی اور چلچلاتی (بقیہ نمبر40صفحہ12پر )
دھوپ میں بجلی کا گھنٹوں غائب رہنا عوام کیلئے دوہرا عذاب ہے جس کے ذمہ دار وفاق کے حکمران ہیں۔پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے ضلعی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ انتخابات سے قبل حکمرانوں نے چھ ماہ اور دوسال میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ کیا تھا مگر جب ہوش ٹھکانے آئے تو اسے سیاسی بیان قراردے دیا۔اب لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ کرنے والے حکمران اپنے خاندان کی کرپشن بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔گذشتہ روز سندھ اسمبلی میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے خلاف متفقہ قرارداد کا پاس ہونا وفاقی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔جبکہ قرارداد میں سندھ کے ساتھ وفاقی حکومت کے امتیازی سلوک پر احتجاج نے صوبوں کے مابین خلیج پیدا کرنے کی خطرناک سازش کو بھی بے نقاب کیا ہے۔ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پنجاب کے حکمران کسی اور صوبے کو کچھ دینا ہی نہیں چاہتے۔اس موقع پر عہدیداران نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اگر لوڈ شیڈنگ کی یہی صورتحال رہی تو پاکستان عوامی تحریک بھرپور احتجاج کرے گی۔ اس موقع پر میجر محمداقبال چغتائی،ملک بشیر اعوان ایڈووکیٹ،افتخار قریشی ایڈووکیٹ،چوہدری اقبال یوسف ،مہر شعبان ورک،سہیل کامران ایڈووکیٹ اور دیگر موجود تھے۔
فیاض وڑائچ