آج پاکستان پر اعتماد اور سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے : نواز شریف ، ہانگ کانگ کے تاجروں کوسی پیک میں حصہ لینے کی پیشکش
ہانگ کانگ(آن لائن)وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اورہانگ کانگ کے قریبی اوربرادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کووسعت دی جائے ،اقتصادی راہدری سے دنیا کے براعظم ایک دوسرے کے قریب آئینگے،پائیدار ترقی کیلئے ملکوں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے،آج پاکستان پر اعتماد اور سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے،پاکستان دنیا میں دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑ ا ملک ہے، پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی بڑی سٹاک مارکیٹس میں ہوتا ہے،دہشت گری نے جتنا پاکستان کو متاثر کیا کوئی اور ملک نہیں ہوا،۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نوازشریف نے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹولی چن یانگ کی گورنمنٹ ہاؤس میں ملاقات اور ون بیلٹ ون روڈ پاکستان سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہانگ کانگ دنیا کی معیشت میں اہم کردار ادا کررہا ہے،پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع انتہائی اہمیت کا حامل ہے اورپاکستان ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔میاں نواز شریف نے کہا کہ 2013 سے پہلے جی ڈی پی کی شرح 3 فیصد تھی،رواں سال جی ڈی پی کی شرح 5 فیصد ہے جس میں آئندہ 2 سال میں مزید اضافہ ہوگا ،ہماری پہلی ترجیح معاشی استحکام تھی اورپاکستان میں ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی اداروں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کیا،بجٹ خسارے میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے،پائیدار ترقی کے باعث پاکستان کا شمار 25 بہترین معیشتوں میں ہوگا،پاکستان میں خدمات کا شعبہ تیزی سے ترقی پارہا ہے اور پاکستانی معیشت میں اصلاحات لانے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو مکمل قانونی تحفظ حاصل ہے،سرمایہ کارپالیسیوں کو لبرلائز کیا گیا ہے،توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جارہا ہے،پن بجلی کے علاوہ پاکستان میں دوسرے ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے مواقع موجود ہیں اور حکومت نے صحت ،تعلیم کے شعبے میں غریب اور نادارطبقے کے لئے متعدد اقدامات کئے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وژن 2025 کے تحت پائیدار ترقی کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے،سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کا اہم حصہ ہے اور اس سے وسط ایشیا اور یورپ تک رسائی ملے گی جبکہ سیاحت اورٹیلی کمیونیکشن کے شعبے کو صنعت کا درجہ دیدیا گیا ہے،سرمایہ کاردوست ماحول کے لئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے اورسرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقتصادی زونز قائم کئے ہیں۔وزیراعظم نوازشریف نے چیف ایگزیکٹولی چن یانگ کی ہا نگ کانگ کے گورنمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اورہانگ کانگ کے قریبی اوربرادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کووسعت دی جائے۔وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہانگ کانگ کیساتھ مضبوط کاروباری تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے وسیع امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ کی کئی کمپنیوں کے پاکستان میں مستقل دفاترہیں، پاکستان کی آزاد تجارتی پالیسی میں سرمایہ کاروں کے لئے بے پناہ مواقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان پراعتماد،سی پیک کے ذریعے مسافتیں کم ہونگی، وزیراعظم نوازشریف نے ہانگ کانگ کے تاجروں کو اقتصادی راہداری منصوبے میں حصہ لینے کی بھی پیشکش کی۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تجارتی تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے سی پیک میں سرمایہ کاری کی پیش کش پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور ہانگ کانگ مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔ لی چن یانگ نے بھی پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان اقتصاد تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
نوا زشریف ملاقات