میڈیا ہاؤ سز کیخلاف سی ڈی اے کی کارروائی پر اے پی این ایس کا احتجاج
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)آل پاکستان نیوز پیپرز ایسوسی ایشن (اے پی این ایس)نے سی ڈی اے انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تجاوزات کیخلا ف آپریشن کی آڑ میں ڈیلی پاکستان آبزرور کے دفتر کے اطراف اور احاطہ میں بلا جواز کارروائی ، وہاں کھڑی گاڑیوں ، سکیورٹی آلات کو نقصان پہنچا ئے جا نے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے فوری طور پر نوٹس لینے اور ذمہ دار حکام و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔صدر اے پی این ایس سرمد علی اور سیکرٹری جنرل عمر مجیب شامی نے اپنے مشترکہ بیان میں کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ڈیلی پاکستان آبزرور کے دفتر کے ا حا طہ میں توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی ڈی اے انکروچمنٹ عملہ کی طرف سے بغیر کسی پیشگی نوٹس کے کی گئی کارروائی جہاں خلاف ضابط ہے وہیں اس سے دفتر کے احاطہ میں موجود گاڑیوں اور وزارت داخلہ اور وزارت اطلاعات و نشریات کے احکامات کے مطابق دہشتگرد حملوں سے بچاؤ کیلئے نصب واک تھرو گیٹ اور دیگر سکیورٹی آلات کونقصان پہنچانا حکومتی احکامات کی صریحاَ خلاف ورزی ہے ، بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک تو حکومت ریاست کے چوتھے ستون کا تحفظ کرنے میں یکسر ناکام ہے اور دوسری طرف تجاوزات کی آر میں میڈیا ہاؤسز کو نشانہ بنانے کیلئے اس کے ماتحت عملہ کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ، انہوں نے وزارت داخلہ اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے سی ڈی اے حکام کی جانب سے کی گئی کارروائی پر سخت ترین باز پرس کرنے سمیت ائندہ ایسے واقعات کی مکمل روک تھام کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔