شوگر ملز منتقلی کیس، وزیراعظم کے بھتیجے اور کزن کو جواب داخل کرانے کی مہلت
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائی کورٹ نے شوگر ملوں کی جنوبی پنجاب منتقلی کے کیس میں توہین عدالت کی درخواستوں کا جواب داخل کرانے کے لئے وزیراعظم کے بھتیجے عباس یوسف اور کزن جاوید شفیع کو 13جون تک کی مہلت دے دی ۔توہین عدالت کی متفرق درخواست تحریک انصاف کے راہنماء جہانگیر ترین نے دائر کررکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے چودھری شوگر ملز ،اتفاق شوگر ملز اور حسیب وقاص شوگر ملز کو کرشنگ سے روک رکھا ہے، اس کے باوجود کرشنگ کا عمل جاری ہے ۔حسیب وقاص کی طرف سے جواب میں کہا گیا ہے کہ ان پرتوہین عدالت کے الزام میں صداقت نہیں ہے جبکہ عباس یوسف اور جاوید شفیع کی استدعا پرانہیں جواب داخل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی۔