مانگا منڈی رائے ونڈ، گھریلو میٹروں پر چلائے جانے والے منی پاور ہاؤس سمیت دکان اور ڈائننگ فیکٹری پکڑی گئی
لاہور(خبرنگار) سوئی گیس لاہور ٹاسک فورس نے مانگا منڈی رائے ونڈ کے علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے تین الگ الگ گھریلو میٹروں پر چلائے جانے والے منی پاور ہاؤس سمیت دودھ دہی کی دکان اور ڈائننگ فیکٹری پکڑ لی،تینوں میٹر منقطع کردئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈی سوئی گیس امجد لطیف کی طرف سے لائن لاسز میں کمی کیلئے یو ایف جی کنٹرول کرنے کی سخت ہدایات کے تحت جی ایم لاہور قیصر مسعود نے پورے ریجن میں عملدرآمدشروع کررکھاہے ۔ گزشتہ روز اسی سلسلے میں چیف انجنیئر عمران الطاف ساہی اور ڈپٹی چیف انجنیئر بلال اصغر کی زیر نگرانی ٹاسک فورس نے خفیہ اطلاع پر ڈسٹری بیوشن افسر چوہدری شرافت علی کی سربراہی میں مانگا منڈی رائے ونڈ روڈ پر چھاپہ مارا جہاں گھریلو میٹر کے ذریعے50کے وی کا جنریٹر چلاکر منی پاور ہاؤس کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا جس سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوران ایک پوری مارکیٹ کو بجلی فراہم کی جاتی تھی، ٹاسک فورس نے جنریٹر اور میٹر اتار کر قبضے میں لے لئے اور کنکشن کا خاتمہ کردیا۔ دوسری جگہ گھریلو میٹر سے گیس چوری کرکے کپڑا رنگنے والی فیکٹری کو گیس فراہم کی جارہی تھی، تیسری جگہ گھریلو میٹر کے ذریعے گیس چوری کرکے دودھ دہی کو دکان کو فراہم کی جارہی تھی۔ فورس نے یہاں سے بھی دونوں میٹرز اتار کر کنکشن منقطع کردئے۔ تینوں میٹرز کے ذریعے گیس چوری کرکے کمپنی کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا تھا۔