وکلاء ،سائلین کی تکالیف کے حل کیلئے اقدامات کررہے ہیں،رفیق رجوانہ
لاہور( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی زیر صدارت گورنر ہاؤس لاہور میں ملتان میں زیر تعمیر جوڈیشل کمپلیکس کی جلد تعمیر، وکلاء برادری کے لئے پارکنگ کی سہولت اور ضلع کچہری سے ہائیکورٹ تک بسوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدہ ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ، کمشنر ملتان بلال احمد بٹ، ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ مسعود انور، سیکرٹری ہائیکورٹ بار ملتان صاحبزادہ ندیم فرید، صدر ڈسٹرکٹ بار ملتان یوسف زبیر اور وکلاء برادری کے دیگر عہدیداران موجود تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات کے مطابق وکلاء حضرات اور سائلین کی تکالیف کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے عملی اقدامات اس ضمن میں اٹھائے جارہے ہیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء حضرات کو پارکنگ کی فوری سہولت مہیا کرنے کے لئے اس پروجیکٹس پر سروے شروع ہو گیا ہے۔ گورنر نے کہا کہ وکلاء کو ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھانے اور سائلین کو پیشی کے حوالے سے درپیش مشکلات کو کم سے کم کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ان تمام معاملات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اہم کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر وکلاء کے نمائندوں نے اجلاس میں ہونے والی کاروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت وکلاء برادری کے لئے جو بھی اقدامات اٹھارہی ہے اس سے یقیناًوکلاء کو اپنے فرائض منصبی اداکرنے اور سائلین کو جلد انصاف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
رفیق رجوانہ