پی سی بی کے گواہ عمر امین کا کیس سے کوئی تعلق نہیں،وکیل شرجیل خان
لاہور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے کرکٹر شرجیل خان کے خلاف سپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت جاری رکھی ۔ٹربیونل کے روبرو پی سی بی کی طرف سے کرکٹر عمر امین ،سلمان نصیر اوراسلام آباد یونائیٹڈ کے سیکورٹی آفیشل کرنل خالد بھی بطور گواہ پیش ہوئے ۔شرجیل خان کے وکیل شائگاں نے گواہوں پر جرح کی بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے گواہ عمر امین کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔وہ پی سی بی کی بنائی ہوئی کہانی کا حصہ ہیں ۔کیس کی کی کاروائی سے مطمئن ہیں ۔کیس مثبت انداز میں شرجیل خان کے حق میں جارہا ہے ۔جمعرات کے روز پی سی بی آئی سی سی کی طرف سے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ ٹربیونل کے سامنے پیش ہوں گے ۔دوسری طرف پی سی بی کے وکیل تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ بدھ کے روز ٹربیونل کی کارروائی میں شرجیل خان کا بکیز کے پلان پر عمل کرنا ثابت ہوگیا ہے ۔شرجیل نے ڈاٹ بال کھیل کر سپاٹ فکسنگ کی ۔عمر امین نے ٹربیونل کے روبرو پیش ہوکر اچھا کیا ۔عمر امین کو بھی بکی یوسف نے اپروچ کیا تھا لیکن انہوں نے فوری طور پر پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کردیا تھا ۔تمام کرکٹرز کو عمر امین کی تقلید کرنی چاہئے ۔
شرجیل خان