وزیراعلی سندھ کی عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرسے ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرمسٹر پٹچاموتھو الان گوون سے بدھ کو وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اولڈ سٹی منصوبہ، غذائی پروگرام، کراچی بیبرہوڈ پروگرام، شمسی توانائی پروگرام اور دیگر منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت بھی موجود تھے۔وزیراعلی سندھ نے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سے درخواست کی سکھر بیراج کی دوبارہ بحالی کے منصوبے کی منظوری کے لئے کام تیز کریں اور سکھر بیراج جس کمپنی نے بنایا تھا اسکی خدمات لی جائیں۔ ملاقات کے دوران ورلڈ بینک کے کنٹری چیف نے کہا کہ سکھر بیراج کی دوبارہ بحالی اور معیاری کام کے لئے انجینئرز اور آزاد انجینئرز سے مدد لیں گے ۔ وزیراعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ سندھ ترقی کی راہوں پر گامزن ہے جسکی مثال حالیہ دنوں کراچی میں تیزی سے ترقیاتی کام سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈ بینک سندھ حکومت کے ساتھ بران لائن میں مکمل تعاون چاہتاہے، کراچی سرکلر ریلوے (KCR) 44کلومیٹر طویل رستہ ہوگا، جس کے لیے میں چاہتا ہوں کہ ورلڈ بینک ٹرین کے سولر پینل لگانے میں سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔جس پر ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے وزیراعلی سندھ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اور مزیدکہا کہ سندھ کو اس وقت شمسی توانائی کے اسٹیشن کی ضرورت ہے۔ جس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم نے اس پر کام شروع کردیا ہے جس سلسلے میں ہمیں عالمی بینک کی مدد درکار ہوگی۔ آخر میں عالمی بینک کی جانب سیکراچی کو پانی کی فراہمی اور پانی کی مثر تقسیم کے نظام کو مرتب کرنے میں سندھ حکومت کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا گیا ۔