عوامی مشکلات کے ازالے کیلئے ’’وینس ریڈرسل سسٹم متعارف کرایا جائیگا‘عنایت اللہ
پشاور( سٹاف رپورٹر )محکمہ بلدیات و دیہی ترقی خیبر پختونخوا نے شہریوں کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی ،صفائی ، کوڑا کرکٹ اُٹھانے، ڈیتھ برتھ، میرج سرٹیفیکیٹ،ٹرانسفر آف پراپرٹی ، بلڈنگ پلین اپروول اور نا جائز تجاوزات کے خاتمے کے ضمن میں عام لوگوں کی شکایات اور مشکلات کے فوری اوربروقت حل کیلئے"گری وینسز ریڈریسل سسٹم" متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے اطلاعات اور معلومات کی فراہمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے گا۔ اس امر کا فیصلہ آج سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ کی صدارت پشاورمیں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین شاہ ، ڈی جی پی ڈی اے سلیم حسن ووٹو، ڈی جی بلدیات عامر لطیف کے علاوہ انفارمشن ٹیکنالوجی کے متعلقہ نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر کو عوامی مسائل و شکایات کے حل کے سلسلے میں قائم کردہ جدید نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سینئر وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ مذکورہ سسٹم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو موثر طور پر بروئے کار لائیں تاکہ شہریوں کی مشکلات اور شکایات کا بر وقت اور فوری ازالہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں عوامی تکالیف کو دور کرنے کیلئے موثر اقدامات اُٹھا نے ہونگے۔ تاکہ عام لوگوں کو ماضی کے فرسودہ نظام کے تحت چلنے والی حکومتوں اور موجودہ حکومت کی کارکردگی کا احساس ہو اور وہ اپنی اردگرد خوشگوار تبدیلی محسوس کریں۔ سینئر وزیر نے یہ بھی ہدایت کی کہ ہر ٹی ایم اے میں شکایات اور عوامی محرومیوں کے ازالے کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا جائے اور انہیں اس بارے میں تربیت بھی دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ بلدیات کا اصل کام لوگوں کو ریلیف دینا ہے۔ سینئر وزیر نے اجلاس میں یہ ہدایت بھی دی کہ محکمہ بلدیات کے تمام شعبے عوامی مشکلات اور شکایات کے ازالے کیلئے آپس میں مربوط رابطہ رکھیں تاکہ نئے سسٹم کے مطلوبہ نتائج کو توقعات کے مطابق حاصل کیاجاسکے۔