یو ایس ایڈ کا پاکستان کی ہوٹل انڈسٹری کی سب سے بڑی کمپنی کے ساتھ اشتراک

یو ایس ایڈ کا پاکستان کی ہوٹل انڈسٹری کی سب سے بڑی کمپنی کے ساتھ اشتراک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)ہاشو گروپ اور یو ایس ایڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت میزبانی سے متعلق تعلیم ، انٹر پرینیور شپ ، صلاحیتوں میں اضافے پر تعاون کیلئے فریم ورک تشکیل دیا جائے گا ۔اس کنٹریکٹ کے ذریعے سیاحت کے فروغ اورپرائیویٹ سیکٹر کی پائیدار ترقی کیلئے پاکستان کی سب سے بڑی ہاسپیٹیلٹی کمپنی اور یو ایس ایڈ اپنی تکنیکی معاونت کے ساتھ کا م کرے گا۔ یو ایس ایڈ کے ساتھ شراکت سے ہاشو گروپ کو ایسے پروگرامز فراہم کرنے میں مددملے گی جس کے ذریعے ترقی کے شاندار نتائج حاصل کئے جا سکیں گے۔ ملک بھر میں موجود پرل کانٹی نینٹل ہوٹلز،میریٹ ہوٹلزاور ہوٹل ون جیسے معروف برانڈز کے ذریعے بہترتن خدمات فراہم کرنے والا ہاشو گروپ پاکستان کی سیرو سیاحت کی بڑھتی ہوئی انڈسٹری میں اپنا اہم ترین کردار ادا کر رہا ہے ۔سال2025تک سیرو سیاحت کی یہ صنعت تقریباً ایک ٹریلین روپے تک قومی خزانے میں جمع کرانے کی اہل ہو جائے گی اور یہ معاہدہ ،بہترین معیار اور جدید پروگرامز کے ذریعے اس تخمینے تک پہنچنے میں معاون ثابت ہو گا ۔ اس اشتراک سے پیدا ہو نے والے مواقع ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کے قیام ، انٹر پرینیور شپ کے فروغ اورہاشو گروپ کے مختلف سیکٹرز میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ کا سبب بنیں گے ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈپٹی چےئر مین ہاشو گروپ مرتضیٰ ہاشوانی نے کہا ’’جیسا کہ ہاشو گروپ مختلف شعبہ جات بشمول رئیل اسٹیٹ ، انڈسٹریز اور توانائی میں اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے ہمیں پاکستان میں اب ہاسپیٹلٹی انڈسٹری میں بھی خاطر خواہ بہتری کے نمایاں امکان دکھائی دے رہے ہیں۔‘‘اس موقع پر یو ایس ایڈ پاکستان مشن ڈائریکٹر John Groarkeنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم منتخب کردہ پرائیویٹ سیکٹر کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کر رہے ہیں ۔ ہاشو گروپ کے سا تھ اس اشتراک سے خاص طور پر ہمیں سماجی و معاشی ترقی کے مختلف منصوبوں پر کام کرنے کا موقع ملے گا جس سے مضبوط پاکستان کی راہیں ہموار ہوں گی‘‘۔پاکستان میں مہمان نوازی کی صنعت میں گزشتہ دس سالوں میں کافی بہتری آئی ہے اور 2006سے اب تک کل جی ڈی پی میں اس کی ادائیگی تقریباً دوگنا ہو گئی ہے ۔پاکستان میں اس صنعت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے اور اس سیکٹر کی طویل مدتی پائیداری کے لئے ضروری ہے کہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئے سرمایہ کاری کی جائے ۔ اس شراکت داری سے ہزاروں پاکستانیوں پر ٹریننگ پروگرامز، تکنیکی اور جدید ذرائع پر عمل در آمد ، درمیانے درجے کے فنڈز والے منصوبے اور دیگر پروگرامز کے ذریعے مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔