امریکی گلوکار کرس کارنیل 52 سال کی عمر میں انتقال کرگئے
ڈیٹروئٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف امریکی گلوکار کرس کارنیل ایک کنسرٹ میں پرفارم کرنے کے بعد اچانک انتقال کرگئے ، ان کی عمر 52 سال تھی۔ انہوں نے ” یو نو مائی نیم“ جیسا لازوال گیت گا کر شہرت کی بلندیاں حاصل کیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی پاپ بینڈ ساﺅنڈ گارڈن کے لیڈ گلوکار کرس کارنیل نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب امریکی ریاست مشی گن کے شہر ’ڈیٹروئٹ‘ میں ایک کنسرٹ میں پرفارم کیا جس کے بعد وہ اس دنیا سے کوچ کر گئے۔ ان کی فیملی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی موت نامعلوم وجوہات کی بنا پر اچانک ہوئی ہے جو بہت ہی چونکا دینے والی ہے ۔ ایک سپیشلسٹ ڈاکٹر ان کی موت کی وجوہات کا جائزہ لے رہا ہے اور جیسے ہی اس بارے میں پیشرفت ہوگی مداحوں کو آگاہ کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 52 سالہ کرس کارنیل نے اپنے کیریئر کے دوران متعدد لازوال گیت گائے لیکن انہیں اصل شہرت 2006 میں جیمز بانڈ سیریز کی فلم کسینو رائل کا ٹائٹل گانا ” یو نو مائی نیم“ گا کر حاصل کی۔