گواہ کو بیان قلمبند کئے بغیر واپس نہ بھجوایا جائے ،سیشن جج لاہور کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ
لاہور(نامہ نگار)سیشن کورٹ میں سیشن جج عابد حسین قریشی کی صدارت میں کریمنل جسٹس کوآرڈینٹر کا اجلاس ہوا جس میں انتظامی اور عدالتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں پولیس افسروں،جیل سپرٹنڈنٹ،پربیوشن افسر اور ضلعی جوڈیشری کے افسران نے شرکت کی،سیشن جج لاہور نے اجلاس میں پولیس افسران کو ہدایت کی کہ چالان عدالتوں میں بروقت پیش کریں اور جن پولیس گواہوں کو عدالتیں طلب کرتی ہیں ان کو پابند کیا جائے کہ وہ فوری عدالت کے حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔سیشن جج نے جوڈیشری کے افسران کو ہدایت کی کہ عدالتوں میں جو پرانے کیس زیرسماعت ہیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں اور کوشش کریں کہ گواہ عدالت میں آجائے اس کو بیان قلمبند کئے بغیر نہ بھجوایا جائے کیونکہ گواہ کا بار بار عدالت میں آنا مشکل ہوتا ہے۔ اجلاس میں دیگر محکموں کے افسران نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں ایس پی مبشر مکین، ایس پی سٹی عادل، ایس پی سول لائز انوسٹی گیشن سید حسنین حیدر، ڈی ایس پی لیگل ناصر عباس، ڈی ایس پی جوڈیشل اسد جاوید وڑایچ، سپرٹنڈنٹ کیمپ جیل، اعجاز اصغر سنٹرل جیل،سینئر ایڈیشنل سیشن جج افضل فہیم،سینئر سول جج شکیپ عمران سمیت دیگر افسران موجود تھے۔