سیشن عدالت میں 2 گروپوں میں تصادم ،اینٹوں اور کرسیوں آزادانہ استعمال ،10گرفتار
لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت میں ضمانت کی دائر درخواستوں کی سماعت کے بعد2 گروپوں میں تصادم ہوگیا، ایک دوسرے پر اینٹوں اور کرسیوں سے حملہ کرنے کے باعث 8افراد زخمی ہوگئے ،بعدازاں پولیس نے 10افراد کو حراست میں لے لیا۔ایڈیشنل سیشن جج مجاہدشیردل نے 2ملزمان حاجی الیاس اور عبدالغفور نے 406کے مقدمے میں ضمانت منظور کی ،بعدازاں دونوں ملزمان ضمانت کے بعد عدالت سے باہر نکلے تو وکلاءکے چیمبرکے پاس ان کا مخالف پارٹی کے افراد سے آمنا سامنا ہو گیااورتلخ کلامی کی وجہ سے فریقین نے ایک دوسرے پر حملہ کردیا، اینٹیں اور کرسیاں اٹھا کر ایک دوسرے کو مارنا شروع کردیں ،اس موقع پرسیشن کورٹ میدان جنگ کا منظر پیش کررہا تھا،ہر طرف بھگداڑ مچی ہوئی تھی ،فریقین کے ایک دوسرے پر حملہ کرنے کے باعث 8کے قریب افراد زخمی ہوگئے ،جھگڑے کی اطلاع پر پولیس نے سیشن کورٹ کے تمام دروازے بند کردیئے اور احاطہ عدالت سے لڑائی جھگڑے میں ملوث 10افراد کوگرفتار کرکے کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔