امیر کیسے ہوسکتے ہیں؟ جانئے ان لوگوں سے جنہوں نے یہ کر کے دکھایا

امیر کیسے ہوسکتے ہیں؟ جانئے ان لوگوں سے جنہوں نے یہ کر کے دکھایا
امیر کیسے ہوسکتے ہیں؟ جانئے ان لوگوں سے جنہوں نے یہ کر کے دکھایا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کچھ لوگوں کا خیال ہوتا ہے کہ ان کی کوئی لاٹری نکلے گی تبھی وہ امیر ہو سکتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہمارے اردگرد ان گنت ایسے افراد موجود ہوتے ہیں جو غریب گھروں میں پیدا ہوئے اور بغیر کسی معجزے کا انتظار کیے اپنی محنت کے بل پر امیر ہوئے۔ میل آن لائن نے ایسے ہی لوگوں کے انٹرویوز پر مبنی ایک سیریز شروع کی ہے جس میں غربت سے نکل کر امیر ہونے والے عام لوگوں سے ان کے تجربات کے بارے میں پوچھا جاتا ہے۔ اس سیریز میں رواں ہفتے ڈیمی ہیلینا موریسے نے لوگوں کو امیر ہونے کا طریقے بتائے۔ ڈیمی کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے تھا۔ اس کے ماں باپ دونوں ٹیچرز تھے لیکن ڈیمی اپنی محنت اور لگن سے آج کامیاب فنڈ منیجر بن چکی ہے اور اسے کاروباری دنیا کا بہترین دماغ قرار دیا جاتا ہے۔ اس وقت وہ سرمایہ کاروں کے 5ارب پاﺅنڈز کی نگرانی کر رہی ہے۔
اس نے لوگوں کو امیر ہونے کے طریقے بتاتے ہوئے کہا کہ ”سب سے پہلی بات کہ آپ اصل سرمایہ کاری آپ خود ہوتے ہیں۔ اپنے آپ کو منظم کریں، اپنی مالی پوزیشن کو اچھی طرح سمجھ لیں اور یہ جان لیں کہ بچت، قرض اور سرمایہ کاری کے حوالوں سے آپ کس جگہ کھڑے ہیں۔ اگر آپ نے کوئی مہنگا قرض لے رکھا ہے جس پر شرح سود بہت زیادہ ہے تو کوئی سرمایہ کاری کرنے سے پہلے وہ قرض چکائیں۔ اس کے بعد سرمایہ کاری کا ایک پلان بنائیں اور پھر اس پلان پر سختی سے کاربند رہیں۔ ابتدائی ناکامیاں بھی ہوں تو بددل مت ہوں۔ امیر ہونے کے لیے شیئر انویسٹمنٹس پر غور کریں۔ اگر اس وقت میرے پاس 10ہزار پاﺅنڈ ہوں تو میں اسے سٹاک مارکیٹ میں لگاﺅں گی۔ اگر آپ نے 10سال قبل لیگل اینڈ جنرل یو کے 100انڈیکس ٹرسٹ میں 10ہزار پاﺅنڈکی سرمایہ کاری کی ہوتی تو آج آپ کے پاس 21ہزار 698پاﺅنڈ کی رقم ہو تی۔ “
ڈیمی کا مزید کہنا تھا کہ ”کسی بھی جگہ سرمایہ کاری کرنے سے پہلے اس شعبے کے متعلق اچھی طرح علم حاصل کریں۔ بہتر ہو گا کہ آپ اس شعبے کے کسی ماہر سے سیکھیں۔ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے سٹیورٹ نیوٹن جیسے لوگوں سے سیکھنے کا موقع ملا۔ سرمایہ کاری کرنے کے بعد متحمل رہیں۔ یہ ذہن میں رکھیں کہ کئی جتنا بھی ذہین کیوں نہ ہو، وہ پہلی ہی بار کامیابی کی منزل تک کم ہی پہنچتا ہے۔ سرمایہ کاری کے علاوہ بچت کے بارے میں بھی غور کریں۔ کوئی بھی چیز خریدنے سے پہلے اس کی قیمت اور اپنی مالی حالت کے بارے میں سوچیں اور یہ بھی سوچیں کہ آپ کو اس چیز کی کتنی ضرورت ہے۔ ریٹائرمنٹ میں آسودہ زندگی کے لیے پنشن کے لیے ادائیگی ضرور کریں۔ اگر آپ ماہانہ 80پاﺅنڈ پنشن کی مد میں بچت کرتے ہیں تو حقیقت میں یہ 100پاﺅنڈ ہیں جو آپ کو مستقبل میں ملیں گے۔ اگر آپ زیادہ کمانے والے ہیں تو آج کے 60پاﺅنڈ کل کے 100پاﺅنڈ ہوں گے۔“

مزید :

ڈیلی بائیٹس -