میاں بیوی نے گھر خریدا، پھر اس کی دیواروں پر لگا وال پیپر اُتارا تو نیچے سے کیا نکلا؟ دیکھ کر آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک میاں بیوی نے گھر خریدا اور اس کی تزئین و آرائش کے دوران ایک دیوار پر لگے ہوئے وال پیپر اتارے تو نیچے سے ایسی چیز نکل آئی کہ آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں۔دی مرر کے مطابق میل ڈیول اور روب جونز نے برطانوی شہر سکیون میں یہ گھر خریدا تھا جس کی دیوار سے وال پیپر اتارا گیا تو دیوار پرکچھ ایسی تحاریر موجود تھیں جو دوسری جنگ عظیم کے دوران لکھی گئی تھیں۔
دیوار پر لکھے ہوئے تمام فقرے جنگ کے متعلق تھے اور ان کے ساتھ تاریخیں بھی لکھی ہوئی تھی۔ ایک فقرے میں لکھا ہوا تھا کہ ”ہمارا ملک کسی بھی حملے کے لیے تیار ہے۔ ہم اس وقت قدرے برے دور سے گزر رہے ہیں لیکن ہم جیتیں گے۔“ اس کے نیچے نام ’ایلفرڈ اینڈ سنزنیتھ‘ لکھا ہوا تھا اور آگے 27مئی 1940ءکی تاریخ لکھی تھی۔ایک فقرے میں لکھا ہوا تھا کہ ”ایلفرڈ اینڈ سنز نیتھ اس کمرے کی ڈیکوریشن کر رہے ہیں۔“ اس کے آگے 12جون 1962ءکی تاریخ درج تھی۔