بحران، آٹے کا، مذاکرات ہو گئے!

بحران، آٹے کا، مذاکرات ہو گئے!

  

فلور ملز مالکان اور سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کے درمیان (اتوار کو) ملاقات طے پا گئی ہے، اور اِن سطور کی اشاعت تک کوئی نتیجہ بھی نکل آئے گا۔ توقع کی گئی ہے کہ ملز مالکان کی شکایات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے گی۔ فلور ملز والوں نے محکمہ خوراک کی ٹیموں کی طرف سے ملوں کے گوداموں پر چھاپے مارنے اور وہاں محفوظ گندم لے جا کر ضبط کرنے کے خلاف ہڑتال کی کال دی ہے، وہ اتوار سے شروع ہونا تھی، لیکن وزیر خوراک کی مداخلت پر اسے ایک روز کے لئے موخر کیا گیا ہے اور مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں آج (پیر) سے ملیں بند کر دی جائیں گی، توقع کرنا چاہئے کہ حکومت سے بات چیت کے نتیجے میں آٹے کا بحران پیدا نہیں ہوگا، ورنہ ہڑتال کی صورت میں آٹے کی سپلائی بُری طرح متاثر ہو گی، اِس بحران کے حوالے سے پہلے ہی بتا دیا گیا تھا کہ صوبائی حکومت نے گندم کے خریداری مراکز کے قیام میں تاخیر کی اور خریداری سست رہی، جس سے ہدف کا حصول مشکل تر ہو گیا تھا۔ اِس اثناء میں مل مالکان نے اپنے کاروبار کے لئے کسانوں سے براہِ راست گندم خریدی، جو 1400 روپے فی من سے زیادہ قیمت پر لی گئی اور کسان کے کھیت سے اٹھائی گئی۔ یوں جب سرکاری نرخ بڑھے تو ملز مالکان نے آٹے کے نرخوں میں دو روپے فی کلو اضافہ کر دیا اِس پر حکومت نے کارروائی شروع کر دی اور چھاپے مارے گئے، یوں یہ تنازعہ پیدا ہوا۔ ادھر کسانوں نے الزام لگایا ہے کہ محکمہ خوراک والے اُن سے زبردستی گندم لے رہے ہیں، حتیٰ کہ بیج اور گھریلو استعمال کے لئے گھروں میں رکھی گندم بھی اُٹھالی گئی ہے۔ کسانوں کا موقف ہے کہ اِس طرح ان کو فاقہ کشی پر مجبور کیا جا رہا ہے اور بیج اُٹھا کر لے جانے سے اگلی فصل کی بوائی مشکل ہو گی اور یوں نہ صرف اِس سال، بلکہ اگلے سیزن میں بھی بحران ہی پیدا ہو گا۔ آٹے کے حوالے سے حالات پر نظر رکھنے والے ماہرین پہلے ہی سے خبردار کر چکے تھے کہ حکومت نے بر وقت خریداری نہیں کی اِس لئے بحران پیدا ہو جائے گا اور ایسا ابتدا میں ہونا شروع ہو گیا۔ فلور ملز مالکان اور کسانو ں کے موقف میں یکسانیت ہے کہ فری مارکیٹ اکانومی میں ان کو آپس میں خرید و فروخت کا حق حاصل ہے، اب اگر صوبائی سینئر وزیر نے قدم اٹھایا تو بات چیت میں سب طبقات کے حقوق کا تحفظ لازم ہے اور ایسا لائحہ عمل بھی مرتب ہو کہ شکایات کا ازالہ ہو اور آٹے کا بحران بھی نہ ہو کہ عوام کو پریشانی ہو!

مزید :

رائے -اداریہ -