جعلی زرعی ادویات، کھاد اور بیج کا کاروبار کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

جعلی زرعی ادویات، کھاد اور بیج کا کاروبار کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کا ...

  

لاہور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے جعلی زرعی ادویات، کھاد اور بیج کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ جعلی زرعی ادویات، کھا د اور بیج فروخت کرنیوالے زراعت اور کسان کے دشمن ہیں اور اس طرح کا مکروہ کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب،ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس، مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن اورڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ صوبے میں ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر مانیٹرنگ کی جائے اور جعلی زرعی ادویات، کھاد اور بیج کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث ملزمان کا سامان فوری ضبط کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیر علیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار واضح کر چکے ہیں کہ ہم کسی کو بھی کسان کی محنت سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔کسان دن رات کھیتوں میں محنت کرے لیکن جعلی زرعی ادویات،بیج اور کھاد فروخت کرنے والوں کی لالچ اور ہوس کی وجہ سے اس کی فصل تباہ ہو جائے اس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

ہم نے صوبے کی زراعت کو ترقی دینی ہے تاکہ نہ صرف بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے خوراک کی ضروریات پوری ہوسکیں بلکہ ہم ہم زرعی اجناس میں خود کفیل بھی ہوں۔وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ جعلی زرعی ادویات، بیج اور کھاد کا مکروکاروبار کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے افسران اور عملے کو متحرک کیا جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -