کورونا ویکسین کی دستیابی تک وائرس کے ساتھ رہنا سیکھنا ہو گا: پروفیسر الفرید ظفر
لاہور(پ ر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردارمحمد الفرید ظفر نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی دستیابی تک لوگوں کو اپنا طرز زندگی تبدیل اور وائرس کے ساتھ رہنا سیکھنا ہوگا۔اگر عوام نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا تو اس کے نتائج انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں اور فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی محنت بھی ضائع ہو سکتی ہے۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور لاک ڈاؤن نے دنیا بھر میں ماحولیاتی انقلاب برپا کر دیا جس کی وجہ سے ایک طرف فضائی آلودگی میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی تودوسری طرف شہریوں کے پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا ہونے میں بھی اضافہ نہیں ہوا اور اسی طرح فضائی آلودگی و زہریلی گیسوں سے اوزون میں پڑنے والا شگاف پر ہو گیا ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ احتیاطی تدابیرپر عملدرآمد سے ہی اس وبا کو شکست دی جا سکتی ہے۔ عوام لاک ڈاؤن میں نرمی کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں، بازاروں میں خریداری کے وقت ایس او پیز کو مد نظر رکھیں اور چھوٹے بچوں کو بازار ہمراہ نہ لے کر جائیں۔ اپنے اردگر د کا ماحول صاف ستھرا رکھیں اور جراثیم کش سپرے کروائیں تاکہ بیماریوں سے بچ سکیں۔