یوم شہادت علی، جلوسوں پر پولیس کے تشدد کی مذمت کرتے ہیں، علامہ نیاز نقوی

  یوم شہادت علی، جلوسوں پر پولیس کے تشدد کی مذمت کرتے ہیں، علامہ نیاز نقوی

  

لاہور (پ ر) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے امیر المومنین حضر ت علی علیہ السلام کے یوم شہادت کے سلسلے میں نکلنے والے عزاداری کے جلوسوں پر پولیس کے تشدد اور مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزہ دار عزاداروں پر تشدد، گرفتاری ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت کو زیب نہیں دیتی۔ اسیران عزاداری کے خلاف مختلف شہروں میں درج ایف آئی آرز کو فی الفور واپس لیا جائے۔

علما ء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر انتظامیہ نے یوم علیؑ کے جلوس نہیں نکلنے دیے جو ایک افسوسناک اور قابل مذمت فعل ہے۔ مجالس اور جلوس عزا ہمارا مسلمہ حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عزادار پرامن ہیں، ان جلوسوں کے شرکاء نے کسی شخصی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اورنہ ہی اشتعال انگیزی پیدا کی، مگر پولیس نے عزاداروں پر ظالمانہ تشدد کیا۔ علامہ نیاز نقوی نے واضح کیا کہ خانوادہء رسالت کی عزاداری تا قیامت جاری و ساری رہے گی۔ تحریک انصاف کی حکومت بیوروکریسی کی ان کالی بھیڑوں کو نکال باہر کرے جو اس حکومت کو ناکام کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے اپنارہی ہیں۔ بعض شہروں میں روزہ دار، نہتے عزاداروں کے خلاف پولیس گردی نہایت شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین و قانون میں دی گئی مذہبی آزادی کچلنے کے لئے موجودہ حکومت کا رویہ بھی سابقہ حکومتوں سے مختلف نہیں۔ ایک اسلامی ملک میں تمام مسلمانوں کی عقیدتوں کی مرکز و محور ہستی کی یاد منانے پر مقدمات و تشدد نہایت شرمناک ہے۔

جاری کردہ: نصرت علی۔۔۔۔۔ میڈیا سیکرٹری۔۔۔۔03345122255

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -