کروڑوں کی کرپشن پر میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز 90دن کیلئے معطل، نوٹیفکیشن جاری

    کروڑوں کی کرپشن پر میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز 90دن کیلئے معطل، ...

  

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد میئراسلام آباد شیخ انصرعزیز کو معطل کر دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،شیخ انصرعزیز کو معطل کرنے کی سمری کی منظوری کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے دی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز کو 90روز کیلئے معطل کیا گیا ہے اور اس کا مقصد شفاف انکوائری کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق بد عنوانی، اقربا پروری، بدانتظامی، سرکاری خزانے کو نقصان سمیت متعدد الزامات ثابت ہونے پر لوکل گورنمنٹ کمیشن نے میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز کو معطل کرنے کی وزارت داخلہ کو سفارش کی تھی۔جمعرات کے روز لوکل گورنمنٹ کمیشن کا اجلاس چیئرمین کمیشن علی نواز اعوان کی سربراہی میں ہوا، جس میں میئر اسلام آباد شیخ انصرعزیز کے خلاف انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اڈا میں چار کروڑ روپے کی کرپشن کا ریفرنس پیش کیا گیا۔میئر کیخلاف مذکورہ ریفرنس چیف میٹروپولیٹین آفیسر(سی ایم او)سیدہ شفق ہاشمی نے پیش کیا، جس پر چیئرمین کمیشن علی نواز اعوان نے کمیشن کے ارکان کی ووٹنگ کے بعد میئر کی معطلی کی سفارش وزارت داخلہ کو بھجوا دی۔کمیشن نے میئر اسلام آباد کے ماتحت شعبے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے)میں اشتہاراتی بورڈز کی ٹیکس وصولی میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی کرپشن پر مبنی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پر تحقیقات کیلئے تمام ریکارڈ ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے تحقیقات کی سفارش کی تھی۔میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کرر ہی ہیں کہ تحقیقات مکمل ہونے تک میئر اسلام آباد، ڈپٹی میئرز اور متعلقہ افسران کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے پر بھی غور شروع کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب شیخ انصر نے اپنی معطلی کے خلاف عدالتی جنگ لڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی قانونی ٹیم سے رابطہ کرلیا ہے اور قانونی ٹیم کو آج عدالت رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔اس سے قبل بھی عدالت مئیر اسلام آباد کی معطلی پر حکم امتناعی جاری کرچکی ہے۔لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت چیف آفیسر کے اختیارات کے خلاف بھی درخواست دی جائے گی۔

انصر عزیز

مزید :

صفحہ اول -