پیٹ کاٹ کر وسائل متاثرہ بہن بھائیوں کیلئے مہیا کرینگے: عثمان بزدار

      پیٹ کاٹ کر وسائل متاثرہ بہن بھائیوں کیلئے مہیا کرینگے: عثمان بزدار

  

  لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی یوتھ افیئرز محمد عثمان ڈار نے ملاقات کی۔ محمدعثمان ڈار نے وزیراعلیٰ عثمان بزار کو پنجاب میں ٹائیگر فورس کے بارے میں بریفنگ دی - وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر فورس کے نو جوان عوام کی خدمت کیلئے وزیراعظم عمران خان کے رضا کار ہیں - ٹائیگر فورس کے نوجوان بڑھ چڑھ کر عوامی خدمت کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں -ٹائیگر فورس کے نو جوان خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں -انہوں نے کہاکہ یہ نوجوان متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کی نئی مثال قائم کریں گے -نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں -ٹائیگر فورس کے حوالے سے پنجاب لیڈ لے گا- محمدعثمان ڈار نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں سات لاکھ نوجوان ٹائیگر فورس کے رجسٹرڈ ہوچکے ہیں -ٹائیگر فورس کے 64 ہزار نوجوانوں کو مختلف ذمہ داریاں تفویض کی جا چکی ہیں - صوبائی وزیر محمد اخلاق، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سردارعثمان بزدار سے واسا کے وائس چیئرمین شیخ امتیاز اور ایم ڈی سید زاہد عزیز نے ملاقات کی۔وزیراعلی عثمان بزدار کو واسا ملازمین کی طرف سے چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول کیلئے 40 لاکھ 13 ہزار روپے کا چیک دیا۔واسا کے گریڈ 16 تک کے ملازمین نے ایک دن، گریڈ 17 سے 19 تک کے افسران نے دو دن اور گریڈ 20 کے افسران نے 3 دن کی تنخواہ چیف منسٹر فنڈ میں عطیہ کی ہے -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واسا ملازمین کی طرف سے چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں عطیہ قابل تحسین ہے -فنڈ میں آنے والی پائی پائی کو دیانتداری سے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد پر خرچ کریں گے -مشکل کی گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کرنا کا رخیر ہے - انہوں نے کہاکہ متاثرین کی مدد کرنا ہماری سماجی، قومی اور دینی ذمہ داری ہے -کورونا کے باعث غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے -ہنگامی حالات میں ہمیشہ معمول سے ہٹ کر اقدامات کرنا پڑتے ہیں - انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے-مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے -پیٹ کاٹ کر وسائل متاثرہ بہن بھائیوں کیلئے مہیا کریں گے -وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز احمد اورایم ڈی زاہد عزیز نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریف کیا۔وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز احمد نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزار نے واسا ملازمین کیلئے قابل قدر فیصلے کئے ہیں -ٹیرف بڑھائے بغیر واسا ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیاگیاہے -وزیراعلی کی ہدایت پر شادباغ میں 30 کروڑ روپے کی اراضی واگزار کرائی گئی ہے -جوہر ٹاؤن کی خضریٰ مسجد سے وضو ویسٹ ریسکیو پائلٹ پراجیکٹ کا کامیابی سے اجراء کیاگیاہے -انہوں نے کہاکہطلباء کیلئے ٹیکسٹ بک میں پانی کے بچاؤ کیلئے مضامین شامل کئے گئے ہیں اور واسا نے بچوں کو ایمبیسڈر بھی مقرر کیاہے - واسا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی خاتون کو فیلڈ میں ایکسیئن آپریشن مقرر کیاگیاہے-گھروں پر کارواش کرنے پر پہلی مرتبہ چالان کا سلسلہ شروع کیاگیاہے -واسا ملازمین کیلئے پنشن سہولت مرکز قائم کیاگیاہے اور ریٹائرمنٹ پر فوری طور پر واجبات ادا کردیئے جاتے ہیں -انہوں نے کہاکہ واسا کے ڈرائیوروں کے فکس اوور ٹائم الاؤنس میں 100 فیصد اضافہ کیاگیاہے -عوام کو فوری ریلیف کیلئے حاضر سرموبائل ایپلیکیشن ڈویلپ کی گئی ہے -وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے لئے واسا کو مزید جانفشانی سے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واساشہریوں کو پانی مہیا کرنے اورنکاسی آب کے لئے بہترین انداز میں کام کررہا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پانی کی فراہمی کے حوالے سے عوام کی توقعات پر پورا اترا جائے۔ سردار عثمان بزدار نے نواب ٹاؤن میں بچے کے قتل کا واقعہ کاسخت نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچے کے قتل کے واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مقتول بچے کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے اورملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔ سردار عثمان بزدار کے نوٹس کے بعد سرگودھا پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے زیادتی کے بعد دس سالہ بچے کے قتل کے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتارکرلیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ معصوم بچے کے قتل میں ملوث ملزم قانون کے تحت سخت سزا کا حقدار ہے۔ زیادتی کے بعد بچوں کو قتل کرنا انسانیت کا قتل ہے - مقتول بچے کے خاندان کو انصاف دلانے کا وعدہ کیا جو پورا کریں گے -وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے معاون خصوصی وزیراعظم ڈاکٹر شہباز گل نے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے کہا کورونا کے حملے کے پیش نظر پنجاب کی تمام انتظامیہ پوری طرح متحرک دکھائی دی،عوام کو کورونا سے بچانے اور ریلیف فراہم کرنے میں پنجاب کے اقدامات قابل ستائش ہیں، شہباز گل نے کہامشکل کی گھڑی میں تمام صوبوں کو سیاست کو پس پشت ڈال کر عوامی فلاح کیلئے زمہ داریاں نبھانی ہیں

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -