لاک ڈاؤ ن میں نرمی سے کورونا کے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے: محمود خان

  لاک ڈاؤ ن میں نرمی سے کورونا کے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے: محمود خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (آئی این پی)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے کورونا وباء کے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں، اس لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت بھی اب پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے لہذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے معمولات زندگی خصوصاً بازاروں میں خریداری کرتے وقت احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھیں، یہ اس وباء سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کا واحد موثرذریعہ ہے اور یہی ہم سب کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ صوبے کے باشعور شہری اپنوں، اپنے پیاروں اور دوسروں کو اس مہلک وبا ء سے محفوظ بنانے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں گے اور اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔ اتوار کو یہاں سے جاری اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ حکومت نے موجودہ صورتحال میں لوگوں اور خصوصا معاشرے کے کمزور طبقوں کو درپیش مالی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاون میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیاہے لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ یہ وبا ختم ہو گیا ہے اور حالات معمول پر آگئے ہیں بلکہ اب اس وبا کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے لہذا عوام کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے انتہائی محتاط رہنا ہوگا۔ وزیر اعلی نے مزید کہا ہے کہ ہم صوبے کے معروضی حالات اور زمینی حقائق کے پیش نظر ہرچیز کو مکمل طور پر بند نہیں رکھ سکتے کیونکہ ہمیں کورونا وباء کی روک تھام کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بھوک سے بچانے کے لئے معیشت اور کاروبار زندگی کا پہیہ بھی چلانا ہے اس لئے ان دونوں صورتحال کے درمیان توازن کو برقرار رکھنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہم پر اپنا خصوصی رحم و کرم کرے اور مستقبل قریب میں یہ وباء ختم ہو جائے بصورت دیگر ہمیں اس وبا ء کے ساتھ جینے کا ڈھنگ سیکھنا ہوگا اور اپنے سماجی عادات و اطوار کو بدلنا ہوگا۔ وزیر اعلی نے تاجر برادری اور کاروباری حضرات پر بھی زور دیا ہے کہ وہ مشروط طور پر کھولے گئے بازاروں میں احتیاطی تدابیر اور سماجی رابطوں کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں انتظامیہ کو مجبورا ان متعلقہ مارکیٹوں کو سیل کرنا ہوگا۔جبکہ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کی صورت میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی بھی کی جاسکتی ہے، ایس او پیز پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، مختلف دنوں میں مختلف کاروبار کھولنے کا مقصد بیک وقت بازاروں میں رش اور جم غفیر سے بچنا ہے۔ انہوں نے پشاور کے مختلف بازاروں میں حجام اور سیلون شاپس کے دورے کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اجمل وزیر نے کہا کہ حجام اور سیلون شاپس میں ایس او پیز پر عمل درآمد ہورہا ہے جو خوش آئند بات ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کے واضح احکامات ہیں جہاں پر ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہوگا تو کاروبار سیل کیا جائے گا۔ حجام اور سیلون شاپس کو حکومت نے ایس او پیز کے تحت ہفتے میں تین دن یعنی جمعہ ہفتہ اور اتوار کو کھولنے کی اجازت دی ہے جبکہ پیر سے جمعرات تک دیگر دکانوں اور بازاروں کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
محمود خان

مزید :

صفحہ اول -