عید پر آٹا بحران کا شدید خدشہ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تمام فلو ر ملیں بند، ملک گیر ہڑتال کا اعلان
لاہور،پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے حکومتی رویہ کے خلاف غیر معینہ مدت تک کیلئے مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ مرکزی چئیرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کی ملز میں 120 بوری گندم بھی اٹھا لی گئی، ہماری ملز سے گندم اٹھائی جا رہی ہے۔ حکومت مطالبات منظور کرنے سے متعلق یقین دہانی کرا دے تو ہم کام کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مارکیٹ میں آٹا نہیں،راولپنڈی اور لاہور کے علاوہ کسی شہر میں پرمٹ ہی نہیں دیا گیا۔ مارکیٹ میں دو دن سے زیادہ آٹا اور گندم موجود نہیں ہے۔ خیبر پختونخوا نے پیر کے رو ز سے صوبہ خیبر پختونخوا کی تمام فلور ملیں غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے چیئرمین حاجی اقبال خان اور گروپ لیڈر محمد نعیم بٹ نے کہا کہ صوبہ پنجاب نے خیبر پختونخوا کے لئے گندم کی ترسیل پر غیر آئینی پابندی لگادی ہے جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے 180 فلور ملوں کو گندم کی سپلائی بند ہوگئی ہے اور کسی بھی ملز کے پاس گندم نہیں۔جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا کی فلور ملیں بند کرنا ضروری ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کی فلور ملیں بند ہونے کی وجہ سے صوبے میں آٹے کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے۔ عہدیداران نے اپیل کی ہے کہ پنجاب سے گندم کی ترسیل پر پابندی فوری طور پر ختم کی جائے۔ اس رمضان المبارک مہینے میں عوام پر آٹے کی بندش ظالمانہ اقدام ہے۔
آٹا،ہڑتال